• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آکس برج یونیورسٹیز پر نسلی بنیادوں پر سماجی تقسیم کا الزام

لندن (نیوز ڈیسک) ایک لیبر رکن پارلیمنٹ نے آکس برج یونیورسٹیز پر نسلی بنیادوں پر ’’سماجی تقسیم‘‘ کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی سے متعلق جو اعداد شمار حاصل کئے ہیں۔ ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے طالب علموں کا انتخاب ’’استحقاق یافتہ طبقہ‘‘ سے کر رہی ہے۔ سابق وزیر ہائرایجوکیشن ڈیوڈ لیمی نے ’’فریڈم آف انفارمیشن‘‘ (ایف او آئی) درخواست کے ذریعے اعداد و شمار حاصل کرنے کے بعد کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ڈائیورسٹی سے مطمئن ہے۔ اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ 2010سے2015 کے درمیان آکسفورڈ کے 32کالجز میں سے صرف تین نے ایک سیاہ فام اے لیول درخواست گزار کو ہر سال داخلہ کی پیشکش کی۔ اوریئل کالج نے اس عرصہ کے دوران صرف ایک سیاہ فام طالب علم کو داخلہ دیا۔ دریں اثنا کیمبرج یونیورسٹی کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ گزشتہ6سال کے دوران ہر سال ایک چوتھائی کالجز سیاہ فام برطانوی درخواست گزاروں کو داخلے کی پیش کش میں ناکام رہے۔ علاوہ ازیں آکسفورڈ کے ایک ترجمان نے گارڈین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ایشو کو نمٹانے میں سوسائٹی کے تمام طبقات کے وسیع کوششوں کی ضرورت ہے جبکہ انتہائی عدم مساوات کے خاتمے کے لئے آکسفورڈ جیسی معروف یونیورسٹیز کو اقدامات کرنے ہوں گے۔ یونیورسٹی آف کیمبرج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کے داخلوں کے لئے فیصلے صرف تعلیمی اہلیت کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے حکومت، سکولوں، یونیورسٹیز، چیرٹیز،ہیرنٹس اور طالب علموں کو مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہوگی۔
تازہ ترین