• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محنت کشوں کے لیے پارٹی منشور کے مطابق اقدامات کررہے ہیں،ناصرحسین شاہ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر محنت سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وہ محنت کشوں کے لیے پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق اقدامات کررہے ہیں اور انہیں تمام تعلیمی، طبی اور مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ترقیاتی پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں۔ قبل ازیں وزیر ٹرانسپورٹ سیدناصر حسین شاہ نے سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حیدرآباد اوشاق خالد میمن کے ہمراہ سابق ایس آر ٹی سی بس ڈپو ہیڈ آفس اور دیگر دفاتر کا دورہ بھی کیا۔ اس مو قع پر سیکریٹری آر ٹی اے حیدرآباد نے بتایا کہ ایس آرٹی سی کے دفاتر اور کمپلیکس پر نیب اور دیہی ترقی کے دفاتر کرائے پر ہیں جن سے ریکوری کی جاتی ہے جبکہ کمپلیکس پرقائم موبائیل مارکیٹ سے بھی ریکوری کی جاتی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت دی کہ ریکوری کو اہداف کے ساتھ حاصل کیا جائے اور تمام املاک کی تفصیلات روانہ کی جائیں تاکہ جائزہ لےکرفیصلہ کیا جائے۔ صوبائی وزیر محنت، ٹرانسپورٹ و اطلاعات نے محکمہ محنت و ٹرانسپورٹ کے افسران کے ساتھ علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد کرکے کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر محنت نے بتایا کہ محنت کشوں کی بہتری اور مسائل و معاملات کے حل کے لیے وزیر محنت کی ہدایت پر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومتی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاون سبی روڈ پر ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اور واقعہ میں شہید اہلکاروں اور دیگر افراد کی شہادت پر اپنے گہرے دکھ و افسوس اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور ہمدردی کا اظہارکیا۔
تازہ ترین