• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلد پاکستان آؤنگا، ضلعی وسطیٰ میں بڑا جلسہ کریں گے، مشرف

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میں عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آ جاؤں گا ، ملک کو اس وقت تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے ، ضلع وسطی میں بڑا جلسہ کرنے کے علاوہ کراچی کے تمام علاقوں میں جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا ، ہماری جماعت صرف مہاجروں کی جماعت نہیں ، اے پی ایم ایل میں ایم کیو ایم ، پی ایس پی ، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے سے شامل ہونے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اے پی ایم ایل سندھ ساؤتھ ریجن کے تحت زینت اسکوائر ایف سی ایریا لیاقت آباد میں پارٹی کے ضلع وسطی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم ، پی ایس پی ، پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی ، مسلم لیگ (فنکشنل) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے ایک ہزار سے زائد کارکنوں نے میں اے پی ایم ایل میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اے پی ایم ایل ساؤتھ ریجن کے صدر احمد حسین نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے دفتر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اسلم مینائی ، عمران صدیقی ، محمد علی شیروانی ، سید سرفراز علی ، آصف خان ، طاہر خان ، سلمی وحید مراد ، نجمی مینائی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ پرویز مشرف نے ضلع وسطی میں کامیاب جلسہ کے انعقاد پر اے پی ایم ایل ساؤتھ ریجن کے صدر احمد حسین ، جنرل سیکرٹری اسلم مینائی ، ضلع وسطی کے صدر سید سرفراز علی ، جنرل سیکرٹری آصف خان اور چیف آرگنائزر ضلع وسطی طاہر خان کو مبارکباد دی جبکہ انہوں نے اپنے پرانے ساتھی محمد علی شیروانی کو بھی مبارک باد دی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے پی ایم ایل ساؤتھ ریجن کے صدر احمد حسین نے کہا کہ ضلع وسطی میں آج اے پی ایم ایل کے ڈسٹرکٹ آفس کا افتتاح ہو گیا ہے ۔ جلد ضلع وسطی میں جلسہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جلد بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کیا جائے گا ۔
تازہ ترین