• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہونے والے شہروں میں کراچی بھی شامل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ کراچی میں فضائی آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا بین الاقوامی سطح پر نوٹس لیا جانا اہمیت کا حامل ہے اس سلسلے میں اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے ،یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے ہوئے یونائیٹڈ نیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس میں ایسوسی ایشن کی صدر مس موہی، جنرل سیکریٹری غزالہ ہمایوں اور رافع عزیز شیخ شامل تھے، ملاقات کے دوران وفد نے میئر کراچی کو آگاہ کیا کہ ماحولیاتی آلودگی پر حالیہ بین الاقوامی تحقیق سے واضح شواہد ملے ہیں کہ کراچی دنیا کے ان شہروں میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہوئے ہیں اور شہر کے مختلف حصوں میں فضائی آلودگی کی شرح خطرناک حد تک زیادہ پائی گئی ہے لہٰذا ماحولیاتی بہتری کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے تحت کراچی میں 5 ہزار درخت لگانے کی مہم زیر غور ہے ، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اقوام متحدہ کے تحت 2030ء تک کے لئے صحت، تعلیم، صنفی مساوات اور ماحولیات کے حوالے سے طے کردہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں ہرممکن تعاون کرے گی اور اس ضمن میں شجرکاری مہم سمیت تمام مثبت اقدامات کا خیرمقدم کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہری سطح پر ماحولیات کی بہتری کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے اور شہر میں صفائی ستھرائی اور شجر کاری کے لئے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے انہوں نے کہاکہ کراچی میں بلدیاتی ادارے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ہرممکن کوششیں کر رہے ہیں تاہم بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے سے صورتحال کو زیادہ تیزی کے ساتھ بہتر کیا جاسکتا ہے۔
تازہ ترین