• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکلات اور مسائل سے چھٹکارے کیلئے کمیونٹی اتحاد ضروری ہے، شیڈو منسٹر افضل خان

مانچسٹر(علامہ عظیم جی)لیبر پارٹی کے شیڈو وزیر افضل خان نے کہا ہے کہ پاکستان بہت سے چیلنجز سے دو چار ہے جس میں سب سے بڑا ناسور دہشت گردی ہے، داخلی اور خارجی سازشیں، غربت، جہالت اورکرپشن کے مسائل بھی خطرنا ک ہیں۔ایسے حالات میں حکومتی حلقوں کی طرف کوئی مذہبی بحران خاص طور پر ختم نبوت جیسے نازک ترین مسئلہ پر چھیڑ چھاڑ نہیں کرنا چاہئے تھی۔افضل خان نے کہا کہ حکومت نے فوری طور پر اپنی غلطی کا احساس کرلیا اور قومی اسمبلی میں اتفاق رائے سے ختم نبوت کا بل اصلی حالت میں بحال کرلیا ،یہ بات خوش آئند ہے۔برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی مشکلات اور مسائل کو حل کرنے کیلئے پوری کمیونٹی کا اتحاد بہت ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے معروف پاکستانی بزنس مین پاک برٹش انٹرنیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری محمد سرفراز کی جانب سے پاکستان سے آئے ہوئے مہمان ثنا خوانوں طارق محمود ہمدانی، امام قاری سبطین علی کے بھائی حافظ وحید احمد، ایم ایم عالم ، چوہدری رضوان اور محمد رمضان کے اعزاز میں عشائیہ کے موقع پرکیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل عرصہ سے اندرونی وبیرونی دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ہزاروں فوجی اور سول افراد کو شہید کروا چکا ہے۔ پاکستان دشمن قوتیں ملک کو کمزور ترکرنے اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں،پوری قوم کو خبردار رہنا چاہئے اور ہر طریقے سے باہمی اتحاد کو قائم رکھنا چاہئے۔پاک برٹش انٹرنیشنل فورم یورپ کے چیئرمین چوہدری محمد سرفراز نے کہا کہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی ہی مقبوضہ کشمیر کے نہتےعوام کو بھارتی ظلم و تشدد سے نجات اور آزادی دلا سکتی ہے،پاکستانی حکمرانوں کو عوام کی خوشحالی اور بیرون ملک آباد پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کی سعی کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے طے شدہ مسئلے پربحران پیدا کرنے والوں کو سزا ملنی چاہئے اور قومی اسمبلی کو ایمان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے بل پر غفلت برتنے پر قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کو متحد ہوکر اپنے مزید کونسلراور ممبران پارلیمنٹ کو منتخب کروانا چاہئے۔سابق لارڈ میئر کونسلر نعیم الحسن نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانیوں کو اپنے مقامی مسائل حل کرنے کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے،پاکستان کے حالات بیرون ملک رہنے والوں پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں، اس لئے حکومت پاکستان کو بھی محتاط رہنا اور جمہوریت کے استحکام کے لئے کام کرنا چاہئے۔ اس موقع پرپاکستان سے آئے ہوئے مہمان طارق محمودہمدانی نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ختم نبوت کے مسئلے کو چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کی گرفتاری، حکومتی عہدوں سے معطلی ہے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جسارت نہ کرسکے۔ چوہدری محمد عارف،قاری امام سبطین علی ،چوہدری محمد شبیر،سالیسٹر محمد فیاض، علی سرور، صاحبزادہ عبدالقادری سرفراز، ریاست ایڈووکیٹ، یاسر رفیق اورمحمد رمضان نے بھی پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد پر زور دیا۔ ایم ایم عالم نے سعادت حج کے حصول کے موقع پر پیش آنے والے واقعات اور مقدس مقامات کے بارے میں تفصیلات سےشرکاء کو آگاہ کیا۔
تازہ ترین