• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رچرڈ لیونارڈ12469ووٹ لے کر سکاٹش لیبر پارٹی کے لیڈر منتخب

سکاٹ لینڈ(طاہر انعام شیخ) سکاٹش لیبر پارٹی کی لیڈر شپ کے الیکشن مکمل ہوگئے ہیں جس میں پارٹی کے بائیں بازو کے رچرڈ لیونارڈ12469ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل معتدل دھرے کے انس سرور کو 9516ووٹ ملے، انس سرور پہلے پاکستانی نژاد شخص ہیں جو برطانیہ میں کسی بڑی سیاسی پارٹی کی طرف سے سکاٹ لینڈ میں لیڈر شپ کا الیکشن لڑرہے تھے اور ان کو اس سلسلہ میں پارٹی کے کئی بڑے رہنمائوں گریٹر مانچسٹر کے میئر اینڈی برنہم، ہیرٹ واٹ ، سکاٹش رہنمائوں ایلسٹئر ڈارلنگ،اور جیکی بیلی وغیرہ کی حمایت حاصل تھی۔ چونکہ یہ ایک اعلیٰ پوسٹ تھی اور میڈیا کا ایک حصہ شاید نسلی اقلیتوں کے کسی فرد کو اس عہدے پر دیکھنے کو ابھی تیار نہ تھا چنانچہ اس نے امیدواروں کے منشور اور دیگر عوامی ایشوز کے بجائے انس سرور کی ذات پر حملے شروع کردیئے کہ ان کے بچے پرائیویٹ سکول میں پڑھتے ہیں اور ان کے خاندانی کاروباری ادارے کو موضوع بنایا گیا جس کے انتظامی امور سے ان کا کوئی تعلق نہ تھا۔ الیکشن مہم سے قبل لیبر پارٹی کے کُل ممبرز کی تعداد 20 ہزار تھی جوکہ چند ہی ہفتوں میں فورا بڑھ کر 35 ہزار ہوگئی اور اس میں صرف زیادہ ووٹ ٹریڈ یونین تنظیموں کے تھے، ٹریڈ یونینز زیادہ تر رچرڈ لیونارڈ کی حمایت کررہی تھیں اور انہوں نے بڑی تعداد میں ووٹ رجسٹر کرانے شروع کردیئے جو کہ نارمل صورتحال کے برعکس تھا، اس پر لیبر پارٹی کے ایم پی ایان مرے نے یونائٹ یونین پر الزام لگایا کہ وہ جس طریقے سے ممبر شپ ووٹ بنارہی ہے وہ قواعد کے مطابق مشکوک ہے، ساتھ ہی انس سرور کے سپورٹر الزام لگارہے تھے کہ ان کے حامیوں کو رجسٹر کرنے اور بیلٹ پیپر حاصل کرنے میں جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں اگرچہ انس سرور یہ الیکشن جیت نہیں سکے لیکن اتنی مشکلات کے باوجود ان کا خاصی تعداد میں ووٹ حاصل کرنا اور پھر ہارجیت سے قطع نظر لیبر پارٹی کے ایک بڑے گروپ کی قیادت کرنا ہی باعث اعزاز ہے۔ الیکشن کے فوری بعد انس سرور نے اپنے مد مقابل رچرڈ لیونارڈ کو جو ایک شریف النفس انسان ہیں،کو گلے لگا کر مبارکباد دی اور کہا کہ الیکشن نتائج کے بعد ہم سب اب متحد ہیں اور ایک ایسی حکومت کے قیام کے لئے کوشاں ہیں جو صرف چند مراعات یافتہ افراد یا طبقات نہیں بلکہ معاشرے کی اکثریت کے عام افراد کے مفاد میں کام کرے ہم سب نے مل جل کر اب سکاٹش نیشنل پارٹی اور کنزرویٹو کا مقابلہ کرنا ہے جب کہ رچرڈ لیو نارڑ نے کہا کہ ہمارا اگلا ٹارگٹ اب الیکشن جیت کر لیبر کی حکومت قائم کرکے ملک میں صحیح انقلابی تبدیلیاں لانا ہے، لیبر پارٹی یو کے، کے لیڈر جیرمی کوربن نے رچرڈ لیونارڑ کو جیتنے پر مبارکباد دی ہے جب کہ انس سرور کی طرف سے چلائی جانے والی جاندار الیکشن مہم کو سراہا ہے۔
تازہ ترین