• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک ترقی ، علاقائی روابط اور خوشحالی کیلئے اہمیت کی حامل ہے،چین

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)چین نے سی پیک کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے پاکستان کیساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اقتصادی راہداری ایک خطہ ایک سڑک کا فلیگ شپ منصوبہ ہے ، اسے علاقائی ممالک اور عالمی برادری کی مزید تائید وحمایت حاصل ہوسکتی ہے ۔منصوبہ تعاون پر مبنی نئی طرز کا لائحہ عمل ہے جو پاکستان، چین نے طویل مدت تعاون کے فروغ کیلئے شروع کیا ہے، چینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا اقتصادی راہداری تعاون پر مبنی نئی طرز کا لائحہ عمل ہے جو پاکستان اور چین نے طویل مدت تعاون کے فروغ کیلئے شروع کیا ہے،ترجمان نے کہا کہ اقتصادی راہداری چین اور پاکستان کی ترقی ، علاقائی روابط اور مشترکہ خوشحالی کے حصول کیلئے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے جب ان کی توجہ اقتصادی راہداری کو ہدف بنانے کیلئے بھارتی خفیہ ادارے" را"کی طرف سے سیل کے قیام سے متعلق اطلاعات اور بھارتی قیادت کے مختلف بیانات کی طرف دلائی گئی تو انہوں نے کہا کہ ہم نے متعلقہ رپورٹس کا جائزہ لیاہے۔بھارتی صدر کے اروناچل پردیش کے دورے سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ چینی حکومت نے نام نہاد ارونا چل پردیش کو کبھی تسلیم نہیں کیا، سرحدی مسئلے پر ہمار ا موقف واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ چین متعلقہ علاقے میں بھارتی رہنما کی سرگرمیوں کا پر زور مخالف ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین اور بھارت کے درمیان تعلقات اس وقت ایک نازک موڑپر ہیں۔
تازہ ترین