• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی قیادت نے جغرافیہ کو خطرہ میں ڈال دیا ،سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی قیادت نے جغرافیہ کو خطرہ میں ڈال دیا ہے،حکومت کنٹینر کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہی ہے مگر اس سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید گھمبیر ہونگے، جماعت اسلامی شفاف احتساب چاہتی ہے،اسلام کے غلبہ کیلئے خواتین نے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں ۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ’تعمیر پاکستان میں خواتین کے کردار‘ کے موضوع پر ہونے والے سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے صرف اللہ کے رسولؐ کا راستہ حق و سچ کا ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ایک جمہوری جماعت ہے، بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، ہم ملک میں ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں، ہم معاشرے کی ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہترین جمہوریت و اسلامی فلاحی ریاست سے ہی ملک کو مشکل سے نکالا جاسکتا ہے۔ ختم نبوت کے مسئلے کا الزام امریکہ یا بھارت پر نہیں ڈالا جاسکتا، ختم نبوت کے معاملے پرحکومتی رویہ سے ایک ارب مسلمانوں کے جذبات کو مجروح ہوئے۔سراج الحق نے کہا کہ پانامہ سکینڈل میں ملوث دیگر 436 افراد کو بھی کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور ان کی کرپشن کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔راجہ ظفر الحق مجرموں کو چھپا نے کی بجائےاللہ کیلئے گواہی دیں اگر وزیر قانون ختم نبوت فارم سے حلف نامہ ختم کرنے کی سازش میں ملوث ہیں تو انہیں فارغ کیا جائے۔ 
تازہ ترین