• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی، رائے شماری میں حصہ نہ لینے والے زیادہ تر جنوبی پنجاب، سندھ سے

Todays Print

لاہور(مقصود اعوان ) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے جن اراکین نے نااہل شخص کو پارٹی قیادت سے روکنے کے پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کئے گئے انتخابی اصلاحات کے بل کے موقع پر ایوان سے غیر حاضر رہ کر رائے شماری میں حصہ نہیں لیا ان میں اکثریت کا تعلق جنوبی پنجاب اور سندھ کے با اثر سیاسی گھرانوں سے ہے اورجنکی کئی دہائیوں سے اسمبلی ایوانوں میں نمائندگی ہے اور ان کے قومی اداروں سے ہمیشہ گہرے رابطے رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور ان کی اتحادی جماعتوں کے ان اراکین اسمبلی کے خاندان کے افراد نہ صرف پنجاب اسمبلی کے رکن اور صوبائی وزیر ہیں بلکہ ان کے اپوزیشن جماعتوں کے کئی بااثر سیاسی گھرانوں کے افراد سے بھی دوستی کے گہرے رشتےہیں اور وہ ہر دور میں ایک دوسرے کے مفادات کا خیال رکھتے ہیں ۔ رائے شماری میں حصہ نہ لینے والے وفاقی وزیر سکندر حیات خان بوسن کے خاندان کے شوکت حیات بوسن پنجاب اسمبلی کے رکن ہیں۔ بوسن خاندان کے متعددافراد ایوب خان سے لیکر اب تک کسی نہ کسی طریقے سے اسمبلی ایوانوں اور اہم عہدوں پر فائز رہے۔

بہاولنگر سے قومی اسمبلی کے رکن عالم داد لالیکا کے والد میاں عبدالستار لالیکا اور ان کے دادا متعددبار وفاقی وصوبائی وزیر رہے۔ پنجاب اسمبلی کے رکن وسابق نائب ضلع ناظم بہاولنگر میاں شوکت لالیکا ان کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ رحیم یار خان کے خسرو بختیار کا تعلق میانوالی قریشیاں کے پرانے سیاسی خاندان سے ہے ۔ان کے والد مخدوم رکن الدین قومی اسمبلی کے رکن تھےجبکہ وہ خود وزیر مملکت امور خارجہ رہے اور ان کے بھائی مخدوم ہاشم جوان پنجاب اسمبلی کے رکن ہیں۔ مظفر گڑھ سے قومی اسمبلی کے رکن باسط سلطان بخاری کا تعلق کاندھ شریف کے پرانے مذہبی اور سیاسی گھرانے سے ہے، ان کے والد عبداللہ شاہ بخاری متعدد بار پنجاب اسمبلی کے رکن رہے۔ باسط سلطان بخاری کے چھوٹے بھائی ہارون سلطان بخاری صوبائی وزیر ہیں۔خانیوال سے قومی اسمبلی کے رکن سردار رضا حیات ہراج کا تعلق ہراج خاندان سے ہے۔ ان کی سردار اللہ یار ہراج کے صاحبزادوں سردار احمد یار ہراج‘ سردار حامد یار ہراج اور سردار محمد یار ہراج سے قریبی رشتہ داری ہے۔ جھنگ سے قومی اسمبلی کے رکن نجف عباس سیال کے بھانجے خرم عباس سیال پنجاب اسمبلی کے رکن ہیں۔

نجف عباس ا ور رضا حیات ہراج آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں۔ ملتان سے قومی اسمبلی کے رکن رانا قاسم خان نون کے بھائی رانا سہیل نون پنجاب اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔قومی اسمبلی کے رکن سید اصغر علی شاہ کا تعلق بہاولپور کے پرانے سیاسی خاندان سے ہے ۔ان کے خاندان کے سید رفیق شاہ اور سید قلندر شاہ ماضی میں رکن اسمبلی اور اہم عہدوں پر فائز رہے۔ قومی اسمبلی کے رکن طاہر بشیر چیمہ بہاولنگر سے منتخب ہوئے۔ ان کا تعلق بہاولپور کے سیاسی جاٹ خاندان سے ہے۔ ان کے بھائی طاہر بشیر چیمہ صوبائی وزیر اور اب مسلم لیگ(ق) کے رکن قومی اسمبلی ہیں جبکہ ان کے والد بشیر احمد چیمہ بھی پنجاب اسمبلی کے رکن رہے جن کی چودھری ظہورالہیٰ سے گہری دوستی تھی۔ گوجرانوالہ سے قومی اسمبلی کے رکن رانا عمر نذیراور ان کے والد رانا نذیر احمد خان 1985ءسے لیکر اب تک قومی اور صوبائی اسمبلی کے رکن اور اہم عہدوں پر فائز رہے۔

رانا عمر نذیر کے والد رانا نذیر احمد نوازشریف کی کچن کیبنٹ میں رہے۔ اب ان کا سابق وزیراعظم میر ظفر جمالی سے گہرا سیاسی رشتہ قائم ہے ۔ وہاڑی سے رکن قومی اسمبلی چودھری طاہر اقبال جنوبی پنجاب کے آباد کار متوسط گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ پہلے بھی پنجاب اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔ طاہراقبال چودھری مسلم لیگ (ن) کی تہمینہ دولتانہ کو شکست دیکر ایم این اے منتخب ہوکر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے تھے۔ شیخ فیاض الدین کا تعلق خانپور ضلع رحیم یار خان کے شیخ گھرانے سے ہے۔

تازہ ترین