• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف 5تا15فیصد معذوروں کو وہیل چیئر کی سہولت میسر ہے، ڈاکٹر شائستہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے شعبہ اسپیشل ایجوکیشن کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شائستہ ناز نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سات کروڑ افراد وہیل چیئر کی طلب رکھتے ہیں مگر ان میں سے محض پانچ تا پندرہ فیصد افراد کو یہ سہولت میسر آتی ہے، معذور افراد کو ان کی مدد اور روزمرہ کے معمولات زندگی گزارنے کے لئے مددگار آلات کی بھی عدم دستیابی کا سامنا رہتاہے جو لمحہ فکریہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ خصوصی تعلیم اور وژنری فائونڈیشن کے اشتراک سے جامعہ کراچی کے کلیہ سماجی علوم کی سماعت گاہ میں معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ دو روزہ سیمینار کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد معاشی مسائل کا شکار رہتے ہیں جس کی ایک بڑی وجہ ان کو ملازمتوں کے مواقع میسر نہیں آتے لہذا معذور افراد میں ملازمت کی شرح انتہائی کم ہے اور اگر وہ ملازمت کرتے بھی ہیں تو ان کو دفترمیں شدید مشکلات کا سامنا رہتاہے۔ جامعہ کراچی کے شعبہ اسپیشل ایجوکیشن کی چیئر پرسن ڈاکٹر حمیرا عزیز نے کہا کہ فلاحی ریاست میں جہاں عوام الناس کو بے پنا ہ سہولیات میسر آتی ہیں وہیں معاشرے میں موجود ایسے افراد جو کسی جسمانی یا ذہنی معذور ی کاشکار ہوتے ہیں ،ان کو ریاست نہ صرف وہ تمام سہولیات فراہم کرتی ہے بلکہ ان کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ،خصوصی انتظامات جیسے کہ تمام عمارتوں بشمول تعلیمی ادارے ،اسپتال ،دفاتر اور دیگر جگہوں پر ریمپ بنائے جاتے ہیں تاکہ ان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ایسے افراد کو پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ وہ کسی پر بوجھ بننے کے بجائے ایک عام فرد کی طرح زندگی گزارسکے۔دریں اثناء فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن اور سایہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے باہمی تعاون سے " ورلڈڈس ایبل ڈے" کے حوالے سے منعقد ہ آگہی سیمینار سے سربراہ فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن ڈاکٹرزین الحسنین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی ادارہ صحت کی زیرنگرانی بین الاقوامی سطح پر ہر سال معذوروں کا عالمی یوم منانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ وہ ممالک جہاں معذور باشندے انتہائی تکلیف دہ زندگی بسر کررہے ہیں انہیں ایک بہتر زندگی گزارنے کا بھرپورحق مل سکے۔ ایڈمنسٹریٹر فہمیدہ ویلفیئر اسپتال ملیر ڈاکٹر منزہ نقوی نے صدارتی خطاب میں کہاکہ خصوصی افراد سے یکجہتی اور عاجزانہ رویہ ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ مہمان خصوصی سیکریٹری فارمیسی کونسل سندھ ڈاکٹر تنویر احمد صدیقی، چیئرمین سایہ ویلفیئر آرگنائزیشن ڈاکٹرتسنیم زیدی ، صدرفارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن ڈاکٹر امرعلی نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین