• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کومتحد ہونا ہوگا، سیاسی شعبدہ بازوں کی سیاست دم توڑ چکی، شہبا زشریف

 لاہور( نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے، درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا ،ہم نے ہر دور میں عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کو اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا ، سیاسی شعبدہ بازوں کی جھوٹ پر مبنی سیاست دم توڑ چکی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں عوام قوم کا وقت برباد اور جھوٹے دعوے اور نعرے لگانے والوں کا صفایا کریں گے،لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کرکے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ملک کی ترقی کی بنا پر ہی عوام کے دلوں میں بستی ہے۔عوام کی خدمت سے بڑھ کر اور کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا اور ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی ۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی امتیاز احمد اور چوہدری طفیل شامل تھے۔شہباز شریف کی زیر صدارت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قریب لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سائٹ آفس پراجلاس منعقد ہوا،جس میں منصوبے کے تعمیراتی کاموں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاگیااوروزیراعلیٰ کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے سائٹ آفس پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کوٹ سے منصوبے پر عملدر آمد کی اجازت ملنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
تازہ ترین