• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا القدس کی خونریزی میں شریک ہے، ایردوان،مقبوضہ بیت المقدس سمیت خطے میں مذاکرات بحال کئے جائیں

انقرہ،قاہرہ،بیروت،برسلز(اے ایف پی، رائٹرز) ترک صدر رجب طیب ایردوان نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد واشنگٹن وہاں جاری خونریزی میں شراکت دار ہوگیا ہے۔ ایردوان نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک مسلمانوں کی جدوجہد جاری رہے گی، انقرہ میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ (امریکی) اس خون کو کبھی بھی صاف کرنے کے قابل نہیں ہوں گے۔ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرکے امریکا اس خونریزی میں شراکت دار بن گیا ہے، ہم اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے اور مستقبل میں بھی نہیں کریں گے، مقبوضہ بیت المقدس میں موجودہ غارت گری اور ظلم وستم زیادہ دیر تک نہیں رہے گا، جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ بیت المقدس ان کا ہے انہیں درختوں کے پیچھے چھپنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی، ان کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس اس معاملے پر اہم موڑ ثابت ہوگا، ایردوان نے اسرائیل کو ایک دہشتگرد ریاست بھی قرار دیا اور کہا کہ وہ بچوں کو قتل کرتے ہیں، دوسری جانب روس کے صدر ولادیمر پیوٹن نے مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے سمیت اسرائیل فلسطین مذاکرات بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے، مصر کے دورے کے موقع پر وہاں کے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تمام تنازعات بشمول بیت المقدس کے اسٹیٹس سمیت اسرائیل فلسطین مذاکرات کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا، جلدی اور طویل المدتی معاہدوں جن میں دونوں فریقین کے مفادات شامل ہوں کو فوری طور پر کیا جانا چاہئے، یہ معاہدے عالمی برادری کے ماضی میں کئے گئے فیصلوں کے تناظر میں کئے جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ روس سلامتی کونسل کی ماضی میں منظور کی گئی قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، فلسطینی صدر محمود عباس بھی پیر کے روز مصری صدر الفتاح السیسی سے مذاکرات کیلئے قاہرہ پہنچے ہیں۔
تازہ ترین