• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیمرا اجلاس،دو غیرملکی ٹی وی چینلز کے نشریاتی حقوق کی درخواست دو چینلز کے لائسنس بحالی کی منظوری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پیمرا اتھارٹی نے میسرز انڈیگو انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے دائر چلڈرن اور سپورٹس کیٹگریز میں دو غیرملکی نشریاتی ٹی وی چینلز ’ڈریمزورکس اینیمیشن‘ اور ’فائٹس سپورٹس‘کے نشریاتی حقوق کی درخواست منظورکر لی ہے ۔ منگل کو پیمرا ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے 136ویں اجلاس میں اتھارٹی نے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز ’بزنس پلس‘ اور ’ذائقہ پلس‘ کے لائسنسز کی بحالی کی بھی منظوری دی۔ اس سے قبل ان دونوں ٹی وی چینلز کے لائسنسزبقایا جات کی عدم ادائیگی کی بنا پر معطل کر دئیے گئے تھے ، اتھارٹی ارکان نے مختلف عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات پر بھی غور کیا اور پیمرا ، اس کے لیگل ونگ اور کمیٹی کی دیانتداری و فعال کردار کو سراہا ۔ اجلاس میں شرکت کرنیوالے ارکان میں رکن پنجاب نرگس ناصر، رکن خیبر پختونخواہ شاہین حبیب اللہ، سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا اور سیکرٹری اطلاعات سردار احمد نواز خان سکھیرا شامل تھے ۔ پیمرا چیئرمین ابصار عالم نے اجلاس کی صدارت کی ۔علاوہ ازیں پیمرا نے نجی ٹی وی چینل کے ٹی این انٹرٹینمنٹ کو غیر اخلاقی مکالمہ دکھانے پر 15دسمبر تک ناظرین سے معذرت نشر کرنے کی ہدایت کی ہے، پیمرا نے 13نومبر کو چینل انتظامیہ کو ایک اظہار وجوہ نوٹس جاری کیا تھا اور7 دن تک اپنا موقف جمع کروانے اورپیمرا شنوائی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم دیا تھا ۔
تازہ ترین