• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

القدس کیخلاف امریکی اور یہودی سازشوں کو اتحاد سےناکام بنائیں گے، آل پارٹیز کانفرنس

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے تحت ادارہ نورحق میں ’’تحفظ القدس،آل پارٹیز کانفرنس ‘‘میں شریک تمام دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور قائدین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے القدس کو اسرئیلی دارالحکومت قراردینے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پوری امت کے خلاف اعلان جنگ قراردیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم اپنے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے القدس کے خلاف امریکی اور یہودی سازشوں کو مکمل اتحاد ویکجہتی سے ناکام بنائیں گے ۔ آل پارٹیز کانفرنس کے شرکاء نے مشترکہ اعلامیے میں جماعت اسلامی کے تحت اتوار 17دسمبر کو ہونے والے ’’القدس ملین مارچ‘‘ کی بھی مکمل حمایت اور تائید کا اعلان کرتے ہوئے اسے وقت کی ضرورت قراردیا اور کہا کہ یہ مارچ امت مسلمہ کے احساسات و جذبات کا ترجمان ثابت ہوگا ۔آل پارٹیزکانفرنس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد بھی منظور کی گئی ۔ کانفرنس کی صدارت جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے کی جبکہ کانفرنس سے پیپلز پارٹی کے رہنما این ڈی خان ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن ، جے یو آئی (ف)کے رہنما قاری محمد عثمان ، مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ طارق نذیر ،فلسطین فاونڈیشن کے صدرمظفر احمد ہاشمی ، ضیا ء عباس ،پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے بشارت مرزا، نظام مصطفٰی پارٹی کے رہنما الحاج محمد رفیع،جمعیت علماء اسلام کے مولانا عبد الکریم عابد،جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے رہنما سیموئیل نذیر، جمعیت علماء پاکستان کے رہنماء محمد حلیم خان غوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی حیثیت اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے ۔ یہ فلسطین کا علاقہ ہے اسرائیلی حدود میں نہیں آتا۔اسرائیلی دارالحکومت کا اعلان بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ امریکہ کی مداخلت اور جارحیت ہے ۔ اس اعلان سے امریکہ کے خلاف دنیا بھر میں نفرت بڑھے گی اور عالمی امن کو مزید خطرات لاحق ہوں گے ۔
تازہ ترین