• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی فیصلے سمجھ سے بالاتر، نواز نا اہل اور عمران اہل ٹھہرائے گئے، پی پی

لاہور، اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں چوہدری منظور، سعید غنی، اعتزاز نےحدیبیہ ریفرنس، عمران خان اور جہانگیر ترین کے حوالے سے عدالتی فیصلوں پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے فیصلے سمجھ سے بالاتر ہیں، پی ٹی آئی کے ایک نمبر کو بچایا گیا اور دو نمبر کو اڑا دیا گیا ، عمران خان کا انجن نکارہ ہوگیا،حدیبیہ کیس ایک سنگین الزام ہے جسے سنا جانا چاہیے تھا، جہانگیر ترین کی نا اہلی کے بعد عمران نیازی نہیں کہہ سکتا کہ پی ٹی آئی فرشتوں کی جماعت ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات چوہدری منظورنے کہا ہے کہ حیرت ہے جس الزام میں وزیراعظم کو نااہل کیا جاتا ہے اسی میں عمران خان اہل ٹھرتے ہیں، عدلیہ کے فیصلے سمجھ سے بالاتر ہیں، سپریم کورٹ کے 5رکنی بنچ نے حدیبیہ ریفرنس کھولنے کا حکم دیا تھا، 5رکنی بنچ کے فیصلے کو 3ججوں نے مسترد کر دیا،5رکنی بنچ کہتا ہے کہ ریفرنس کھولیں اور3جج کہتے ہیں نہ کھولیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے جس الزام میں وزیراعظم کو نااہل کیا جاتا ہے اسی میں عمران خان اہل ٹھرتے ہیں،نواز شریف نے بھی اثاثے چھپائے اور عمران خان نے بھی ایک نااہل تو دوسرا اہل کیسے؟۔عمران خان نے خود اعتراف کیا کہ ٹیکس بچانے کیلئے نیازی سروسز آف شور بنائی۔ ادھر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حدیبیہ کیس ایک سنگین الزام ہے جسے سنا جاناچاہیے تھا ،شریف خاندان کے لیے ’نرم ہاتھ‘ رکھا جاتا ہے ،سب سے اہم کیس تو حدیبیہ کیس تھا۔ دوسری جانب سعید غنی نے کہا کہ جہانگیر ترین کی نا اہلی کے بعد عمران نیازی نہیں کہہ سکتا پی ٹی آئی فرشتوں کی جماعت ہے ۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سعید غنی نے کہا کہ فیصلے کے بعد اور کچھ ہو نہ ہو کم از کم عمران نیازی یہ نہیں کہہ سکتا کہ پی ٹی آئی فرشتوں کی جماعت ہے ، اسکا سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ کا سند یافتہ کرپٹ اور تاحیات نااہل ہے۔
تازہ ترین