اسلام آباد (صالح ظافر) لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست حلقہ این اے 120؍ سے منتخب ہونے والی بیگم کلثوم نواز آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں قومی اسمبلی کے 51ویں سیشن کے دوران اپنی رکنیت کا حلف اٹھائیں گی۔ پارلیمانی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ لندن میں کیموتھراپی کے تین مراحل سے گزرنے والی سابق خاتون اول کلثوم نواز کی حالت بہتر ہے۔ انہیں کیمو تھراپی کے 6؍ سے 8؍ مراحل سے گزرنے کا مشورہ دیا گیا تھا تاہم بتایا گیا ہے کہ ضرورت محسوس ہونے پر انہیں صرف ایک مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔ ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی آمد کے موقع پر لاہور کے لوگ ان کا استقبال کریں گے۔ جیسے ہی ڈاکٹرز انہیں سفر کی اجازت دیں گے؛ مریم نواز ان کی آمد کے شیڈول کا اعلان کریں گی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ واپسی پر بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ان کی بیٹی مریم نواز ساتھ ہوں گی۔ قومی اسمبلی کا سیشن 11؍ جنوری سے شروع ہوگا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سیشن پرسکون رہے گا کیونکہ حکومت نے فاٹا کا ایشو پہلے ہی طے کر لیا ہوگا۔