• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری ایل او سی پر بھارتی فائرنگ اور شہادتوں کا نوٹس لے، تحریک حق خودارادیت

مانچسٹر (نمائندہ جنگ)کنٹرول لائن پر مسلسل فائرنگ اور پاکستانی فوجیوں کی شہادتوں کا نوٹس لیا جائے اور بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں بیان پر بھی عالمی برادری توجہ دے کر مسئلہ کشمیر حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ میں کشمیر دوست ارکان ہنگامی بنیادوں پر اس مسئلے کو اپنے اپنے ایوانوں میں اٹھائیں۔ 19جنوری کو نوٹنگھم میں برطانوی پارلیمنٹ میں گزشتہ سال ہونیوالی بحث کی سالگرہ منائی جائے گی جس میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے چیئرمین کرس لیزے MPاور پاکستان سے آئے سینیٹر جنرل (ر) عبدالقیوم خان، سینیٹر بازمحمد خان، سینیٹر دائود خان اچکزئی اور تحریک حق خودارادیت کے عہدیدار شریک ہونگے ۔ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں نے یہاں پاکستانی قونصل جنرل مانچسٹر عامر آفتاب قریشی اور ویلفیئر اتاشی فزا نیازی سے ملاقات میں تفصیلات بتاتے ہوئے کیا جس میں تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، برطانیہ کے وائس چیئرمین امجد حسین مغل، یارکشائر کے چیئرمین چوہدری محمد اکرم، راچڈیل کے کونسلر عاصم رشید اور اوورسیز پاکستان سالیڈیرٹی کی چیف ایگزیکٹیو پامیلا اشرف شامل تھے۔جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے برطانیہ اور یورپ کے تمام کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے شہروں کے ممبران پارلیمنٹ کو مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن کے حالات کے پیش نظر دوبارہ بحث کا مطالبہ کریں اور تحریکی مہم میں بھرپور معاونت کریں۔ تحریکی عہدیداربرطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر گروپ کے عہدیداروں سے ملکر ممبران پارلیمنٹ سے دستخطی مہم شروع کررہے ہیں جس کی ابتدا اسی ہفتے بریڈفورڈ سے شروع کی جائے گی جبکہ ممبران پارلیمنٹ اور حکومتی وزراء سے بھی ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جارہا ہے اور جنوری کے آخری ہفتے میں تحریکی وفد برسلز کا بھی دورہ کرے گا۔راجہ نجابت حسین نے تحریکی سرگرمیوں کی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ بھر میں اگلے چند ماہ میں ہر شہر میں اجلاس، سیمینار اور کانفرنسوں کے انتظامات مکمل کرلئے گئے جن میں پاکستانی، کشمیری اور مقامی سیاستدانوں کی بھارتی تعداد شرکت کرے گی۔ جبکہ خصوصی طور پر بھارت کے یوم جمہوریہ پر 28جنوری کو یوم سیاہ منایا جائے گا اور 5فروری یوم یکجہتی کے حوالے سے پورا ہفتہ تقریبات منعقد ہونگی۔ اسی طرح بھارتی جیل تہاڑ میں مدفون شہدائے کشمیر محمد افضل گرو کی برسی 9فروری اور مقبول بٹ شہید کی برسی 11فروری کو منانے کیلئے بھی ممبران پارلیمنٹ سمیت کونسلروں اور خواتین رہنمائوں سے مشاورت مکمل ہوچکی ہے جبکہ اسی ہفتے میں بھی راچڈیل میں کونسلروں کے کنونشن سمیت نوٹنگھم، برمنگھم، ہیلی فیکس، لیڈز، بریڈفورڈ، بری اور اولڈہم میں ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتوں کے علاوہ 23مارچ کو برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی تقریب ہوگی۔ پاکستانی حکومت کے دونوں ذمہ داروں نے مختلف تقریبات میں شامل ہوکر حکومت پاکستان کے نکتہ نظر اور کاوشوں کے بارے میں آگاہ کرنے کا وعدہ کیا اور تحریکی عہدیداروں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
تازہ ترین