• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول اسپتال ، مالی اختیارات خصوصی کیڈر کے ڈاکٹر کو تفویض بحران پیدا

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) صوبائی محکمہ صحت نے سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف سول اسپتال کراچی کے مالی اختیارات خصوصی کیڈر کے ڈاکٹر کو سونپ رکھے ہیں جس سے اسپتال میں انتظامی بحران قائم ہے ۔ محکمہ صحت نے8مئی 2017کو سول اسپتال کے اس وقت کے ایم ایس ڈاکٹر ذوالفقار سیا ل سے مالی اختیارات لے کر اسپیشل کیڈر کے ڈاکٹر نور محمد سومرو کو سونپے تھے جو8ماہ گزرنے کے باوجود واپس نہیں لیے گئے ۔اس دوران اسپتال کے ایک ایم ایس ریٹائر ہوئے ،دوسرے کا تبادلہ ہوا جبکہ تیسرے اور موجودہ ایم ایس ڈاکٹر محمد توفیق کی تعیناتی پر انہیں بھی مالی اختیارات سے محروم رکھا گیا ۔ ذرائع کے مطابق 3ارب 83کروڑ7لاکھ 57ہزار روپے کا خطیر بجٹ رکھنے والے اسپتال کے مالی اختیارات انتظامی سربراہ کے بجائے خصوصی کیڈر کے ڈاکٹر کو سونپنے سے شکوک وشبہات جنم لے رہے ہیں جبکہ انتظامی سربراہ کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اوراس ساری کشمکش میں مریضوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی متاثر ہور ہی ہے ۔ دوسری جانب سپریم کورٹ میں دائر کردہ کرمنل اوریجنل پٹیشن نمبر89/2011 کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ اسپتالوں کے تمام تر انتظامی اختیارات جنرل کیڈر کے ڈاکٹروں کو دیئے جائیں اور خصوصی کیڈر کے ڈاکٹر وں کو انتظامی عہدوں پر تعینات کیا جائے نہ انہیں انتظامی اختیارات دیئے جائیں لیکن صوبائی محکمہ صحت نے ان احکامات کو ردی کی ٹوکری کی نظر کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو کا کہنا تھا کہ تمام انتظامی معاملات سیکریٹریٹ سے چلائے جاتے ہیں اگر کوئی شکایت موصول ہو تو وہ اس پر کاروائی کرتے ہیں لیکن تاحال ایسی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کل ہی معلوم کریں گے اور جس کے اختیارات ہیں اسی کو سونپے جائیں گے ۔
تازہ ترین