• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ انتخابات کے بعد ایم کیو ایم کو کہیں نہیں دیکھتا، ارشد وہرہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل اور کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ کراچی کا کوئی پرسانِ حال نہیں، ایم کیو ایم پاکستان الیکشن جیتنے کے لیے کام نہیں کر رہی بلکہ اگلے الیکشن تک کمانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، آئندہ انتخابات کے بعد ایم کیو ایم کو کہیں نہیں دیکھتا، ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لیے احتجاج میں کراچی کی نمائندگی کر کے سید مصطفیٰ کمال نے یہ بتایا ہے کہ اگر لاہور میں ظلم ہو تو تکلیف کراچی والوں کو بھی ہوتی ہے، کراچی کے عوام بغیر کسی زبان، رنگ، نسل کی تفریق کے اپنے لاہور کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہیں، اگر یہ ظلم نواز شریف کے لوگوں کے ساتھ ہوا ہوتا تو پاک سر زمین پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہم کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ ظلم و زیادتی کے خلاف ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر برادری کے ایک وفد سے پاکستان ہاؤس میں ملاقات میں کیا،انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا تقدس عمران خان یا شیخ رشید کے الفاظ سے پامال نہیں ہوتا بلکہ زینب جیسے معصوم بچوں کے قتل، دن دیہاڑے کیمروں کے سامنے حاملہ خواتین سمیت 14 لوگوں کو شہید، سالانہ 53 ہزار بچوں کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جانے اور لوگوں کے گھروں میں 90 فیصد فضلہ ملا زہریلا پانی آنے سے پامال ہوتا ہے موجودہ حکمرانوں کو خود اپنی نا اہلی کی وجہ سے مستعفی ہو جانا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ سید مصطفیٰ کمال کا کردار ہی ان کی طاقت ہے انہوں نے کراچی میں بھرپور کام کروایا لیکن انکا کوئی ناجائز شادی ہال یا پیٹرول پمپ نہیں ٹوٹ رہا، جبکہ موجودہ میئر کراچی نے پہلے سے مکمل ہو چکے کام کے جعلی بل بنا کر پیسے ہڑپ کر لیئے ہیں، جیل سے آنے کے بعد میئر کراچی بھری میٹنگ میں اپنا 6 فیصد حصہ مانگتے ہیں جس کا علم فاروق ستار کو بھی ہے، جب میئر بنّے کے لیے ووٹ مانگ رہے تھے تب عوام کو سبز باغات دکھا رہے تھے کیا اگلے 5 سال یہی کہتے رہیں گے کہ اختیارات نہیں ہیں، ایم کیو ایم کو اقتدار عوام کی خدمت کرنے کے لیے نہیں بلکہ اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے اور مزید کرپشن کر کے مزید دولت بنانے کے لیے چاہیے۔
تازہ ترین