• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیون پیٹرسن نے کرکٹ سے مکمل کنارہ کشی کا فیصلہ کرلیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین کیون پیٹرسن پاکستان سپر لیگ کے دوران آخری بار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔پی ایس ایل میں مسلسل تیسرے سال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے کے بعد کے پی ہر طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لیں گے۔انہوں نے اس بات کی تصدیق اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے بیٹے کےساتھ تصویر میں کہی جس میں وہ اپنے بیٹے کو گلے لگاکر الوداع کہہ رہے ہیں۔کیون پیٹرسن پہلے ہی پاکستان آنے سے انکار کر چکے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ آخری مرتبہ تھا کہ جب انہوں نے اپنی کرکٹ فیملی کو الوداع کہا، انہیں ہمیشہ سے الوداع کہنے سے نفرت تھی لیکن کام کرنا بھی ضروری تھا۔آئندہ 3، 4 ہفتوں کے دوران وہ پیشہ وارانہ انداز میں میدان میں اتریں گے پھر اس کے بعد کھیل کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیں گے۔ انہوں نے اپنے کریئر کے دوران خوب انجوائے کیا لیکن بار بار کے سفر کرنے اور الوداع کہنے سے وہ تھک چکے ہیں۔اس سے قبل آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش کے دوران بھی انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا۔2005 ایشز کے دوران ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے پیٹرسن کا کریئر اتار چڑھاؤ اور تنازعات کا شکار رہا۔انگلینڈ بورڈ کے ساتھ ان کے تعلقات کچھ زیادہ اچھے نہ تھے جس کی وجہ سے انہیں 2013 میں ٹیم سے ڈراپ کردیاگیا تھا۔
تازہ ترین