• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کی زیرصدارت آج ن لیگ کا اہم اجلاس ہوگا

اسلام آباد ( محمد صالح ظافر) حکمران پاکستان مسلم لیگ نون کے کارکنوں اور رہنمائوں کا اہم اجلاس آج (جمعرات) یہاں پنجاب ہائوس میں منعقد ہوگا جس سے سبکدوش وزیراعظم نواز شریف خطاب کرینگے اور وہی اجلاس کی صدارت کرینگے۔ جنگ / دی نیوز کے خصوصی سنٹرل رپورٹنگ سیل کو حد درجہ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر بھی غور و خوض ہوگا جس کے ذریعے نواز شریف کو پاکستان مسلم لیگ نون کی صدارت سے محروم کر دیا گیا ہے۔ بدھ کو فیصلہ آنے کے فوری بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹیلی فون پر نواز شریف سے رابطہ کرکےفیصلے کے بارے میں ان سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں بتایا کہ وہ آج ( جمعرات ) کو ازبکستان و افغانستان روانہ ہو رہے ہیں، نواز شریف نے وزیراعظم عباسی سے کہا کہ وہ اپنے اعلان شدہ نظام الاوقات کے مطابق اس اہم غیر ملکی دورے پر جائیں جس میں پاکستان کو وسط ایشیا کی ریاستوں سے توانائی حاصل ہوگی ان کا یہ دورہ قومی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شاہد عباسی نے نواز شریف کو یقین دلایا کہ پوری پاکستان مسلم لیگ نون اور ملک کے خیر خواہ عوام انکے پشت پناہ ہیں اور ان کی قیادت پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ پنجاب ہائوس کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ نون کے کارکن اور اکابرین نواز شریف کی قیادت پر غیر متنزلزل اعتماد کا اظہار کرینگے، مریم نواز بھی اس موقع پر موجود ہونگی۔
تازہ ترین