• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام صلح جوئی اور دوسرے مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے، افضل خان

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) اسلام امن پسندی، صلح جوئی، محبت و یگانگت کے ساتھ دوسرے مذاہب کا ادب و احترام کا درس دیتا ہے۔ ہمارے پیارے نبی حضرت محمدؐ نے بھی اپنی امت کو انہی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ مساجد کا کردار مرکزی حیثیت کا حامل ہے۔ نماز کی ادائیگی کے ساتھ وہاں دینی تعلیم بھی دی جاتی ہے تاکہ معاشرے کی بہتری کے لئے کام کیا جائے اور دین اسلام کی تبلیغ حقیقی معنوں میں کی جاسکے۔ برطانوی معاشرے میں رہتے ہوئے ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ غیرمسلم کمیونٹی کے ساتھ باہمی روابط کا سلسلہ مضبوط بنایا جائے تا کہ دوستانہ خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے کے مذاہب کی عزت و احترام لازم ہو ایسے میں مساجد میں غیر مسلم کیمونٹی کو بلا کر اوپن ڈے کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبر برطانوی پارلیمنٹ و شیڈو وزیر افضل خان نے خضرا مسجد یو کے اسلامک مشن چیتھم ہل مانچسٹر میں اوپن ڈے کے حوالے سے رکھے گئے پروگرام کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ اولین ترجیح ہونی چاہئے اس کے بعد مذاہب آتے ہیں، یو کے اسلامک مشن بین المذاہب کمیونٹی کے اندر اتحاد و اتفاق اور باہمی روابط کے فروغ کیلئے انتہائی مفید کام کررہی ہے جو کہ خراج تحسین کے لائق ہے۔ اس موقع پر ڈین آف مانچسٹر کیتھڈرل راجر گوندر، نیدی سنا، مسز سنا ، فیوناورل کونسلرز فلیچر، پٹ نے کہا کہ ہمیں مسجد میں آکر اچھا لگا اسلام امن پسند مذہب ہے برطانیہ میں بسنے والے مسلمانوں کی اکثریت صلح جو، محبت کرنے والی ہے دہشت گردی میں مرتکب عناصر مسلمان نہیں ہوسکتے۔ ایسے اوپن ڈے کے انعقاد سے ایک دوسرے کے قریبی آنے اور سمجھنے کا موقع ملتا ہے، ہمیں آپس میں مل جل کر معاشرے کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہئے تاکہ نفرت اور دوریاں ختم ہوسکیں۔ اس موقع پر کونسلر نعیم السحن، عامر سلام، جوادامین، قاری بدرالدین کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔
تازہ ترین