• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت کے حکم کا غلط استعمال کرکے قیدیوں کواسپتال منتقل کیا جاتا ہے،ہائیکورٹ

کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو فشرمین کو آپریٹو سوسائٹی میں غیر قانونی بھرتیاں اور کرپشن کیس میں ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، فشرمین کو آپریٹو سوسائٹی کے سابق چیئرمین نثار مورائی، سلطان قمر صدیقی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزم عبداالسعید خان کے وکیل کی جانب سے دلائل دیئےگئے، عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت پر مزید دلائل طلب کرلیے، اس موقع پر فاضل بینچ کے روبرو ملزم حاجی ولی محمد کی میڈیکل ٹریٹمنٹ کی درخواست دی گئی جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تمام ملزمان کے وکلاء کو تسلی سے سنیں گے، ہمیں سب معلوم ہے کہ ملزمان جیل میں جاتے نہیں کہ بیمار پڑ جاتے ہیں اور جواز پیدا کرکے اسپتال میں داخل ہونے کی کوشیش کی جاتی ہیں،یہی نہیں بلکہ اسپتال میں ملزمان کو وی آئی پی کمرے فراہم کردئیے جاتے ہیں اور عدالت کا نام استعمال کرکے ملزمان کو اسپتال منتقل کیا جاتا ہےجبکہ عدالتیں صرف قیدیوں کے حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے سہولیات فراہم کرنے کا کہتی ہے، مگر یہاں انہیں عدالت کے حکم کو غلط استعمال کرکے ہسپتال منتقل کردیا جاتا ہے، آئندہ سماعت پرعدالت سب کو سنے گی،چیف جسٹس نے سماعت 14مارچ تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین