• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کو سپر لیگ شروع ہونے سےقبل نقصان

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور لاہور قلندر کو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ دونوں ٹیموں کے اہم کھلاڑی کرس لِین اور شکیب الحسن زخمی ہو گئے ہیں۔ بدھ کو لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل آسٹریلوی کھلاڑی کرس لِین آکلینڈ میں سہ ملکی سیریز کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف فیلڈنگ کرتے ہوئے دائیں کاندھے کی انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ کرس لین اس سے قبل بائیں کاندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور حال ہی میں انہوں نے سرجری بھی کرائی تھی۔ دوسری جانب لاہور قلندرز کی منیجر ثمین رانا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل تھری میں کرس لین کو دیکھنا چاہتے تھے، ان کی انجری مایوس کن ہے۔27 سالہ کرس لِین کو لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں اس امید کے ساتھ حاصل کیا تھا کہ فخرزمان اور برینڈن میک کولم کے ساتھ ان کی جارحانہ بیٹنگ ٹیم کی قسمت بدل سکے گی۔لیکن اس سے قبل ہی وہ باہر ہوگئے۔ ان کے علاوہ پشاور زلمی میں شامل بنگلہ دیشی کھلاڑی شکیب الحسن بھی زخمی ہو گئے ہیں۔ پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق شکیب الحسن کے ہاتھ میں چوٹ لگی ہے جس کی وجہ سے وہ دستیاب نہیں ہیں۔ ان کی جگہ ایک اور بنگلہ دیشی کھلاڑی صابر رحمان کو پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ پشاور زلمی کو اس سے قبل ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچوں میں حسن علی کی خدمات سے بھی محرومی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حسن علی گذشتہ ماہ پاکستانی کی قومی کرکٹ ٹیم کے نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران ٹخنے میں تکلیف کا شکار ہوئے تھے اور تاحال مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ دریں اثنا پی ایس ایل میں شرکت کے لئے ویسٹ انڈین کیرولن پولارڈ، جوفرا آرچر، جنوبی افریقا کے عمران طاہر اور بنگلہ دیش کے محمود اللہ ریاض دبئی پہنچ گئے ہیں۔
تازہ ترین