• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ صدارت، شہباز ہاٹ فیورٹ، نوا زشریف نے پارٹی رہنمائوں سے مشاورت میں خودنام پیش کیا

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ؍جنگ نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی صدارت کیلئے شہباز شریف کا نام ہاٹ فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ میاں نوازشریف کی زیر صدارت پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں سے مشاورت میں خود شہبازشریف کا نام پیش کیا کیونکہ شہباز شریف پارٹی کو متحد رکھنے والے اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کے حامل واحد لیڈر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے شہبازشریف کی بطور پارٹی صدر نامزدگی پر مشاورت مکمل کر لی ہے ،سینیٹ انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن کی ورکنگ کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگاجس میں پارٹی سربراہ سمیت دیگر عہدیدا رو ں کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا۔پارٹی کے اندر بڑی تعداد بیگم کلثوم نواز اور مریم نواز کو پارٹی صدارت کیلئے منتخب کرنے کی حامی پائی گئی۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن ) کے رہنماؤں نے میاں نوازشریف پر اپنے بھر پو ر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑا رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ (ن) لیگ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہےکہ پارلیمنٹ کی بالا دستی سے متعلق قانون سازی پر بھی مشاورت کی جائے گی اور قانون سازی کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل کی جائے گی، پیپلزپارٹی سے رابطے کے لیے اتحادی جماعتوں کی خدمات لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن کو اس بات سے آگاہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے کہ سینیٹ امیدواروں کا انتخا ب پارلیمانی بورڈ کرتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کا قانونی تقاضہ ہر صورت پورا کیا جائے گا لیکن مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سپریم کورٹ کےفیصلے کے خلاف نطرثانی اپیل دائرنہ کرنے کا امکان ہے کیونکہ ماضی میں نظرثانی اپیل پر مسلم لیگ (ن )کو کوئی ریلیف نہیں ملا۔ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے علاوہ مریم نواز، پرویز رشید، مریم اورنگزیب، عابد شیر علی، دانیال عزیز، مصدق ملک، تہمینہ دولتانہ اور آصف کرمانی سمیت دیگر شریک ہوئے جب کہ کارکنان کی بڑی تعداد بھی پنجاب ہاؤس میں موجود تھی۔

تازہ ترین