• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقننہ ،عدلیہ اور انتظامیہ ملکی مفادات کو ہر حال میں ترجیح دیں،متحدہ محاذ

کراچی (پ ر ) بدکرداراور مفادپرست عناصر سے تنگ عوام صالح قیادت کی متلاشی ہے،پاکستان بنانے والوں کے جانشین نظام مصطفےٰ ﷺ متحدہ محاذ کی صورت میں ملک کو مستحکم کرنے والی قیادت دے رہے ہیں،کراچی کے عوام کو مسائل کے گرداب سے ماضی کی طرح عشق رسول ﷺ سے سرشاراورشہرکو ترقی دینے والے علماء ومشائخ ہی نکال سکتے ہیں۔یہ باتیں کراچی میں ملک بھرکی سنی سیاسی ودینی جماعتوں اور مشائخ عظام کے وسیع تراتحاد نظام مصطفےٰﷺ متحدہ محاذ کے قائدین کے مشاورتی اجلاس کے بعدمشترکہ اعلامیئے میں کہی گئیں۔ اجلاس میں کنونیئر صاحبزادہ حامدسعید کاظمی، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے سربراہ ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر، نظام مصطفےٰ پارٹی کے سربراہ حاجی محمدحنیف طیب، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجازقادری، جمعیت مشائخ کے سربراہ پیر غلام رضوانی، آستانہء امیر ملت کے سجادہ نشین پیر سید منورعلی شاہ جماعتی، درگاہ نقشبندیہ ساماروشریف کے سجادہ نشین پیر محمدایوب جان سرہندی، فدائیان ختم نبوت پاکستان کے مرکزی رابطہ سیکرٹری علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی،محمدعثمان خان نوری، شاداب مصطفائی ودیگر نے شرکت کی۔ اعلامیئے میں پاکستان کی مقننہ ، عدلیہ اور انتظامیہ سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی اپنی آئینی حدودمیں رہتے ہوئے اپناکردارباوقار طورپر ادا کریں۔ وطن عزیز آج جن مشکل حالات سے گزررہاہے ،اندرونی وبیرونی محاذوں پر جن چیلنجز کا سامناہے اس کا تقاضہ ہے کہ تمام محب وطن عناصر ملک کی تعمیروترقی میں اپناکرداراداکریں۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیاکے ذمہ داران اور کارکنان بھی صحافت کو متعصب ہونے سے بچائیں اور ایسی خبروں کو پھیلانے سے بازرہیں جن سے سنسنی پھیلتی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ،حزب اقتداراورحزب اختلاف میں شامل جماعتیں ملکی وقار کے منافی کسی بھی عمل سے باز رہیں۔ اجلاس میں شریک دینی وسیاسی قائدین اور علماء و مشائخ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں بسنے والے کروڑوں عاشقان رسولﷺ ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ کے خواہاں ہیں۔
تازہ ترین