• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اور سندھ میں تقرریاں جی حضوری پر، ہمیں صحت تعلیم کیلئے زیادہ وسائل دینے چاہئے تھے، عمران خان

اسلام آباد (ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں اقرباء پروری کا رواج ہے‘ ذاتی تعلقات اور ’’جی حضوری‘‘ کی بنیاد پر تقرریاں کی جاتی ہیں‘ہم نے ابھی پشاور میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ شوکت خانم تعمیر کیا، عمران خان نے کہا کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال بہتر نہیں ہوا تو 30ڈاکٹر ز نوکریاں چھوڑ کر باہر سے یہاں کیوں آئے؟ ہمیں تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے زیادہ وسائل دینے چاہئے تھے ۔جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے بیان میں عمران خان نے کہاکہ چیف جسٹس صاحب کیلئے دو سوال اہم ہیں، کیا پختونخوا میں آج کے حالات پانچ برس پہلے کی نسبت بہتر ہیں؟ اور کیا پختونخوا کے عوام پانچ برس پہلے کی نسبت آج زیادہ مطمئن ہیں؟پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ چیف جسٹس کی جانب سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کی تحسین قابل قدر ہے، قابل افسران کو پختونخوا کی طرح اہلیت کی بنیاد پر لگایا جائے تو وہ موثر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے بارے میں میری رائے ہے کہ پہلے سے موجود ادارے کو ٹھیک کرنے سے نیا ادارہ کھڑا کرنا کہیں زیادہ آسان ہے، ہم نے ابھی پشاور میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ شوکت خانم تعمیر کیا، اگر لیڈی ریڈنگ بہترنہیں ہوا تو 30 ڈاکٹرز باہر سے اپنی نوکریاں چھوڑ کے یہاں کیوں آئے ؟ عمران خان نے کہاکہ ڈاکٹر برکی کا شکریہ ادا کرنے کیلئے میرے پاس مناسب الفاظ نہیں کہ جو باقاعدگی سے ذاتی اخراجات پر پختونخوا آتے اور لیڈی ریڈنگ کیساتھ شعبہ صحت میں ہماری اصلاحات کی بھی نگرانی کرتے ہیں۔
تازہ ترین