• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تمام کوششیں ناکام ہوگئیں،ساجد میر

لاہور(نمائندہ جنگ)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے حکومت سے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔ لہٰذا حکومت کشمیر کی آزادی کے لیے جہاد کا اعلان کرے ہم ساتھ دیں گے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مرکز 106 راوی روڈ لاہور میں مرکزی کابینہ اور ارکان عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم‘ ناظم مالیات حاجی عبدالرزاق سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ بھارت کشمیر میں ظلم کے تمام پہاڑ توڑ چکا ہے۔ 45 روز سے کشمیری کرفیو میں اذیت ناک زندگی گذارنے پر مجبور ہیں اس سے بڑھ کر انسانیت سوز سلوک اور کوئی نہیں ہو سکتا۔ ایک دوسری قرار داد کے ذریعے سعودی عرب میں دہشت گردی کے واقعات اور حوثی باغیوں کی طرف سے ڈرون حملوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ سعودی عرب کی سلامتی کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کو سختی سے روکا جائے۔
تازہ ترین