• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن اور بری شہرت،اے ڈی فیصل آباد کا تبادلہ،انکوائری شروع،میرے خلاف کچھ افسران سازش کررہے ہیں، صابر حسین

کراچی(اسد ابن حسن)ایف آئی اے فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بری شہرت اور کرپشن کے الزامات پر عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات ہیڈکوارٹر کو سونپ دی گئی ہیں جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نارتھ احسان صادق کا کہنا ہے کہ صابر حسین کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ صابر حسین کا کہنا ہے کہ ادارے کے کچھ افسران میرے خلاف سازش کررہے ہیں۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویز کے مطابق گزشتہ روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاہور زون II، حماد الرحمٰن نے ایک مراسلہ نمبرDPL/adminII/J-276/5555 ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نارتھ کو تحریر کیا ہے کہ فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر صابر حسین کو جن کے پاس ڈپٹی ڈائریکٹر کا ایکٹنگ چارج بھی تھاکرپشن کی بے شمار شکایات اور بری شہرت کے باعث عہدے سے فوری طور پر ہٹایا جاتا ہے ان کی خدمات کی زون II میں ضرورت نہیں۔ لہٰذا ان کو ہیڈکوارٹر نارتھ زون ٹرانسفر کیا جاتا ہے اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر امیگریشن فیصل آباد رب نواز کو ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد کا اضافی چارج دیا جاتا ہے۔ اے ڈی صابر حسین کے خلاف لاہور زون IIمیں مختلف شکایات تحریری طور پر موصول ہوئی تھیں جس میں یہ الزامات بھی لگائے گئے تھے کہ بجلی فراہم کرنے والے ادارے فیسکو کے ایک افسر کی ملی بھگت سے بلڈر مافیا کو غیر قانونی سہولتیں دیکر کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر نارتھ زون احسان صادق نے ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صابر حسین کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ انکوائری آفیسر اینٹی کرپشن سے ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالرب کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف مزید انکوائریاں شروع کی جائیں گی۔ اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر صابر حسین نے پہلے تو مؤقف دینے سے انکار کیا مگر بعد میں کہا کہ وہ فیصل آباد میں بلڈر مافیا اور ’’فیسکو‘‘ حکام کی ملی بھگت اور کرپشن کی انکوائری کررہے تھے، اس لئے ان کو تبدیل کرا دیا گیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان کے خلاف کرپشن کا الزام واپس لے لیا گیا ہے اور ان کے خلاف ادارے کے کچھ افسران سازش کررہے ہیں۔

تازہ ترین