• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یومِ شہادتِ امام حسینؓ پر جلوس برآمد، مجالس برپا

10محرم الحرام، یوم عاشور، نواسہ رسول، امامِ عالی مقام، حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اُن کے ساتھیوں کی کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کا دن ہے۔

ملک بھر میں آج شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس برپا کی جارہی ہیں، چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں۔

مجالس و جلوسوں میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانی سے حاصل سبق پر روشنی ڈالی جائے گی، کربلا کے میدان میں حق و باطل کے اس معرکے کی یاد ذہنوں میں تازہ کی جائے گی۔

ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس اپنے راستے پر گامزن ہیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں عاشوہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگیا، جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوگا،جلوس کے راستے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، موبائل سروس بند ہے۔

اندرون لاہور نثار حویلی موچی دروازے سے برآمد ہونے والا محرم الحرام کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے، جلوس میں شامل عزدار شہدائے کربلا کی یاد میں ماتم اور نوحہ خانی کر رہےہیں۔

جلوس کے داخلی راستوں اورروٹ پر سیکورٹی کےسخت انتظامات کیے گئےہیں، 10ویں محرم کا جلوس مسجد وزیرخان، محلہ چوہٹہ مفتی باقر، چوک نواب صاحب،محلہ شیعاں،چوک رنگ محل اور بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا شام کو کربلا گامے شاہ پر اختتام پزیر ہوگا۔

راولپنڈی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس دن 11بجے شروع ہو گا۔

کوئٹہ میں بھی یوم عاشور کے سلسلے میں مختلف چھوٹے بڑے جلوس نکالے جارہے ہیں، شہر میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے۔

جلوس کے روٹ کو جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے اورتمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں،شہر میں سیکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

پشاور میں دسویں محرم الحرام کو شہر بھر سے شبیہ علم وذولجناح کے 12 جلوس برآمد ہوں گے، ایک جلوس نواحی علاقہ وڈپگہ جبکہ باقی جلوس اندرون شہر سے برآمد ہوںگے، دسویں محرم کا پہلا جلوس دن 11 بجے امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی چڑویکوبان سے برآمد ہوگا جبکہ آخری جلوس شام 5 بجے آغا سید میر فضل علی شاہ رضوی محلہ خداداد سے برآمد ہوگا۔

یوم عاشورہ کے جلوس نماز عشاء کے بعد اختتام پزیر ہوں گے، دسویں محرم الحرام کے موقع پر شہر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، اندرون شہر جانے والے تمام راستے ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے ہیں جبکہ موبائل سروس بھی معطل رہے گی۔

فیصل آباد میں یوم عاشور پر 153 جلوس نکالے جا رہے ہیں اور 26 مجالس منعقد ہوں گی، مرکزی جلوس صبح ساڑھے آٹھ بجے برآمد ہوا، جس کے روٹ پر انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ملتان میں 10 محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر 117جلوس برآمد کیے جارہے ہیں، اس موقع پر 21جلوسوں اور 36مجالس کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

سکھر میں یوم عاشور کے موقع پر تین انتہائی حساس جلوسوں سمیت 44 چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے،اس ضمن میں سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

حیدرآباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس انجمن حیدری کے زیر اہتمام اب سے کچھ دیر بعد برآمد ہو گا، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ساڑھے 4 ہزار سے زائد پولیس اہل کار فرائض انجام دیں گے۔

ضلع بدین میں عاشورہ کے جلوسوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے، نواب شاہ میں شب عاشور کامرکزی جلوس امام بارگاہ مرتضوی سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔

ؒمظفرگڑھ میں دس محرم الحرام کے حوالے سے165 جلوس نکالے جا رہے ہیں جن کے لیے سکییورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

بنوں میں یوم عاشورکامرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ سےبرآمد ہوگا ہے، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین