• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے،زیورات اورموبائل فونز سے محروم

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ڈکیتی، رہزنی اور چوری کی 4وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے، طلائی زیورات اورموبائل فونز سے محروم ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مارکیٹ تھانے کی حدودپٹھان کالونی گلی نمبر 3 میں حبیب احمد کے گھر 4مسلح ڈاکو داخل ہوئے اوراہل خانہ کو یرغمال بناکر سوا لاکھ روپے، خاتون خانہ کے گلے میں پہنی سونے کی چین، انگوٹھی و دیگرطلائی زیورات چھین کر فرارہوگئے۔ صاحب خانہ کاکہناہے کہ اس نے لیاقت کالونی میں واقع اپنے فلیٹ کی فروخت کاسودا پکاکرکے سوا لاکھ روپے ایڈوانس وصول کیاتھا، مسلح ڈاکوؤں نے آتے ہی فلیٹ کی فروخت کی رقم طلب کی تھی۔ علاوہ ازیں حسین آباد تھانے کی حدود میں کوٹری روڈ پر سندھ سیڈ کارپوریشن کے قریب ٹھیلے پر مچھلی فروخت کرنے والے بیرادی میربحر سے دومسلح افراد 15ہزار روپے دن دھاڑے چھین کرفرارہوگئے۔ پنیاری تھانے کی حدود گوٹھ لالو لاشاری میں3مسلح افراد ارجن کمار کی پرچون کی دکان میں داخل ہوئے اوردکان مالک سے 28ہزارروپے اور ایک موبائل فون چھین کرفرارہوگئے۔ دریں اثناءکینٹ تھانے کی حدود چاندنی موبائل مارکیٹ میں موبائل خریداری کے لئے آنے والے 4افراد نے سیلزمین کو باتوں میں لگاکر سوا لاکھ روپے مالیت کے 4موبائل فون چوری کرلئے، دکان مالک نے واردات کی ابتدائی رپورٹ تھانے میں درج کرادی ہے۔
تازہ ترین