• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیسنگ کے نظام میں جدید معیارات کے مطابق اصلاحات کی جائیں،کاٹی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر طارق ملک، سینیئر نائب صدر سلمان اسلم اور نائب صدر جنیدنقی نے کہا ہے کہ آج پاکستان جن معاشی دشواریوں کا سامنا کررہا ہے اس کے پیش نظر کراچی میں قانون کا نفاذ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لیے ناگزیر ہے، یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب شہر میں پولیسنگ کے نظام میں جدید معیارات کے مطابق اصلاحات کی جائیں ایک مشترکہ بیان میں ان رہنماوں نےکراچی پولیس چیف ڈاکٹرامیر شیخ کی جانب سے محکمے میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی میں قیام امن کی کاوشوں میں پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کی جانب سے محکمے میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے عزم کا اظہار خوش آئند ہے اور ہم پوری توقع کرتے ہیں کہ فورس کی کارکردگی میں بہتری اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند برس قبل شہر میں لاقانونیت کا راج تھا، پاکستان رینجرز سندھ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں سے آج خوف کی وہ فضا ختم ہوچکی ہے، جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں، تاجروصنعت کار برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے۔۔طارق ملکنے کہا کہ کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ شہر میں دیگر ذمہ داریاں بھی بحسن وخوبی انجام دے چکے ہیں اور امید ہے کہ انہوں نے کراچی پولیس میں انقلابی تبدیلیوں کے جس عزم کا اظہار کیا ہے وہ اسے عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے آغاز ہی سے پولیس چیف نے پولیس کار کردگی میں بہتری کے لیے جس سرگرمی کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ انھوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں کاٹی کے سابق صدر اور چیف سی پی ایل سی کورنگی و ملیر زبیر چھایا اور کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے سربراہ ندیم خان کی کاوشوں سے کمیونٹی پولیسنگ کا کامیاب ماڈل قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس چیف اس ماڈل کو وسعت دینے کے لیے بھی اقداما ت کریں۔
تازہ ترین