ماجرا ………

October 19, 2021

ہمارے دل میں تڑپ ہے مدینے جانے کی

اگر اُنہوں نے عطا کی اجازت آنے کی

درِ حضورؐ کی بات اور ہے اگرچہ ہمیں

نظر جھکانے کی عادت نہ سر جھکانے کی

ہر ایک بات جو اُن کی زباں سے نکلی ہو

کلید ہے اَدب و علم کے خزانے کی

کبھی تھی منتخب روزگار جو امّت

اب اُس میں کونسی خامی نہیں زمانے کی

وہ ماجرا ہے کہ یارا نہیں سُنانے کا

وہ کیفیت ہے کہ ہمّت نہیں بتانے کی

ہُوئے بلند مخالف ہَوا کے دوش پہ ہم

جو سازگار ہمارے لئے خُدا نے کی

کھلی ہے سب کے لئے اُن کی بارگاہ شعورؔ

نہ کیوں ہمیں بھی توقّع ہو بار پانے کی