میلاد شریف مناتے ہوئے سیرت نبویؐ اپنانے کا عہد کیا جائے، علامہ کوکب نورانی

October 19, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مولانا اوکاڑوی اکادمی کے سربراہ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا ہے کہ ہمارے پیارے نبی پاکؐ کا یوم ولادت کائنات کی سب سے بڑی عید اور خوشی کا بڑا تہوار ہے اور ساری کائنات اور تمام نعمتیں رسول کریم ؐ کا صدقہ ہیں کیوں کہ وہ نہ ہوتے تو کچھ بھی نہیں ہوتا اور حدیث قدسی کے مطابق اللہ تعالیٰ رب ہو کر بھی ظاہر نہ ہوتا، میلاد شریف مناتے ہوئے سیرت نبویؐ کو اپنانے کا عہد کیا جائے، وہ جامع مسجد گل زار حبیب، گلستان اوکاڑوی میں جشن میلاد مصطفیؐ کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ نبیؐ کے یوم ولادت کی اہمیت نہ ہوتی تو قرآن کریم میں نبیؐ کے یوم ولادت پر اللہ تعالی کا سلام کا ذکر نہ ہوتا اور قرآن میں نعمت کے نزول کے دن کو عید فرمایا گیا ہے، اللہ کریم کے فضل و رحمت پر خوشی منانے کا واضح حکم ہے اور عید میلاد النبیؐ اسلام کی تیسری عید نہیں بلکہ اسلام کی پہلی عید ہے اور باقی تمام عیدیں اور خوشیاں اسی عید کی بدولت ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ کوئی دلیل نہیں کہ صحابہ کرام ؓنے کوئی کام نہیں کیا تو وہ کام کیا ہی نہیں جاسکتا۔