جشن میلاد النبیؐ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ آج منایا جائیگا

October 19, 2021

کراچی (اسٹاف ر پور ٹر) کراچی سمیت سندھ بھرمیں 12ربیع الاول جشن میلاد النبی ؐ منگل کو مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا ، آغاز صبح بہاراں سے ہوگا ، مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔ طلوع آفتاب سے پہلے صوبائی دارالحکومت میں 21توپوں کی سلامی دی جائے گی،شہر کی فضائیں درود وسلام سے گونجیں گی شہریوں کی بڑی تعداد نیاز کی تقسیم کا اہتمام کرے گی ، جشن میلاد النبیؐ کے حوالے سے شہر بھر سے جلوس برآمد ہونگے ، مرکزی جلوس عید میلاد اٰلنبیؐ 3؍بجے سہ پہرنیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے براستہ ایم اے جناح روڈ علامہ شاہ عبد الحق قادری ، حاجی حنیف طیب،مولانا ابرار احمد رحمانی ودیگر علماء کی قیادت میں نشتر پارک کیلئے روانہ ہوگا اوربعد نمازعصر نشترپارک میں جلسہ ہو گا، ایک بڑا جلوس سنی تحریک کے تحت ثروت اعجاز قادری کی سربراہی میں نکلے گا، اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، مرکزی جلوس کی گذر گاہ نمائش چورنگی ایم اے جناح روڈ ، عید گاہ ، لائٹ ہائوس اور بولٹن مارکیٹ تک 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ علامہ شاہ عبدالحق نے کہا ہےکہ عظمت مصطفیٰ ؐ کے پر چم کو بلند رکھنے کیلئے لبیک یا رسو ل اللہ کی صداؤں میں جلو سوں اور جلسوں میں بھر پو ر شرکت کی جائیگی، دریں اثنا جما عت اہلسنّت کے زیر اہتمام شہر کے 40سے زائد علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس بر آمد ہوں گے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی جلوس میں شامل ہوکر نشتر پارک پہنچیں گے۔