پٹرولیم کی قیمتیں بڑھا کر وزیر اعظم نے عوام کوباؤنسر مارا‘حبیب اللہ شاکر

October 19, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما حبیب اللہ شاکر نے کہا ہے کہ پٹرول ڈیزل مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں بڑھا کر وزیر اعظم نے عوام کوباؤنسر مارا ہے جس سے عوام بری طرح زخمی ہو چکے ہیں اور اب عوام زخمی شیراور بھوک سے تنگ حکمرانوں کو کچا کھانے کے موڈ میں ہیں اور اس سلسلے میں پیپلزپارٹی اور دیگر سیاسی جماعتیں بھی اپنا تاریخی کردار ادا کریں گی،ان خیالات کا اظہارانہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر سابق اراکین اسمبلی ڈاکٹر جاوید صدیقی،عثمان بھٹی،رضوان ہانس،چوہدری یاسین،عبدالرؤف لودھی،مغیث شہزادہ بھٹو،امین ساجد،محمد علی بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے ،انہوں نے مذید کہا کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی زہر قاتل ہے ، عوام کو تباہ برباد کرنے کی بین الاقوامی سازش ہے اور ہم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے وہ احتجاج جو ہم نے مہنگائی کے خلاف جاری رکھا ہوا ہے بلاول کی قیادت میں تحریک کا رنگ لائےگی، موجودہ حکمران اور وزراء بڑھتی مہنگائی کو صرف یہ کہ کر واویلا کررہے ہیں کہ مہنگائی عالمی طور پر بڑھ چکی ہے اس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں، دراصل حکمران اپنی نا اہلی اور نالائقی کو چھپانا چاہتے ہیں ، یوسف رضا گیلانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی مذمت کرتے ہیں۔