بلوچستان: صوبائی وزیر نور محمد دمڑ کا مستعفی ہونے کا اعلان

October 20, 2021

بلوچستان کے صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے اپنی وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ میں سردار عبدالرحمٰن کھتیران اور نور محمد دمڑ نے میڈیا سے بات چیت کی۔

اس موقع پر نور محمد دمڑ نے وزیراعلیٰ جام کمال کی کابینہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے پاس پہلے ہی بہت سے محکمے ہیں، میں اپنا محکمہ بھی اُن کے حوالے کرتا ہوں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہ بننے کی وجہ جام کمال کو موقع فراہم کرنا تھا، ایک ماہ کی مہلت کے باوجود وزیراعلیٰ بلوچستان کے رویے میں تبدیلی نہیں آئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ جام کمال نے پارٹی قیادت کے فیصلوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ آج ایوان میں واضح ہوگیا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال کے ساتھ کوئی نہیں، تحریک عدم اعتماد آج ہی کامیاب ہوگئی، 25 اکتوبر جام کمال کے جانے کا دن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک جام کمال کے لئے پورے بلوچستان کو قربان نہیں کرسکتے، صوبے کا قبائلی ماحول ہے، جہاں کسی کو اغوا کرنا ممکن نہیں۔

بی اے پی کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ جام کمال ضد پر ہیں کہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گے، ہمارے 4 ساتھیوں کی واپسی کے لئے اسپیکر نے رولنگ دی ہے، 25 اکتوبر کو ہمارے تمام ساتھی موجود رہیں گے۔