بڑھتی مہنگائی، اپوزیشن آج ملک گیر احتجاج کرے گی، مظاہروں کا اعلان

October 22, 2021

لاہور/ کراچی(نمائندگان جنگ / اسٹاف رپورٹر) بڑھتی مہنگائی کیخلاف اپوزیشن آج ملک گیراحتجاج کریگی، مظاہروں کااعلان کر دیا گیا، مظاہرے نماز جمعہ کے بعد کراچی ، لاہور پشاور و دیگر شہروں میں ہونگے۔

صدر ن لیگ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی ضرورت پڑی تو مریم نواز یا شہبازشریف قیادت کرینگے، مارچ اسلام آباد پہنچا تو نواز شریف شامل ہوسکتے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گرانی سے نجات کیلئے عمران خان کو اقتدار سے الگ کرنا ہوگا، کراچی کے ہر ضلع میں مہنگائی کیخلاف مظاہرے کئے جائیں۔

پی ڈی ایم کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق لاہور میں جین مندر چوک سے سہ پہر 3 بجے احتجاجی جلوس نکالا جائے گا۔

کراچی ایمپریس مارکیٹ پر نماز جمعہ کے بعد 3 بجے مظاہرہ ہوگا۔ پشاور، سوات، شانگلہ اور خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

اس کے علاوہ میانوالی اور بھکر میں 24 اکتوبر کو احتجاج ہوگا۔