نان فائلر کا بجلی ، گیس کنکشن کاٹنا غیرآئینی عمل ہے، رحمت اللہ وزیر

October 23, 2021

اسلام آباد( کامرس رپورٹر) سابق ممبر ایف بی آر اورسیاسی پارٹی عام لوگ اتحاد کے سربراہ رحمت اللہ وزیر نےکہا ہےکہ نان فائلر کا بجلی ، گیس کا کنکشن کاٹنا اور موبائل فون بند کرنا غیرآئینی عمل ہےکیونکہ انکم ٹیکس کے قوانین میں ایکشن کا میکنزم موجود ہے ۔ یہ کنکشن صارفین اور بجلی ، گیس اور موبائل فون کمپنیوں کے درمیان معاہدے کے تحت دیئے جاتے ہیں اور اگر صارفین ان معاہدوں کی باقاعدگی سے پاسداری کرتے ہیں تو اور بل کی ادائیگی کرتے ہیں تو کوئی بشمول ایف بی آر اس میں مداخلت کا مجاز نہیں ۔ رحمت اللہ وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کر تے ہوئے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ٹیکس گوشوارے فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون اور بجلی کے کنکشن کاٹنے اور بنک سہولت ختم کرنے کے اقدامات کسی صورت درست نہیں۔ٹیکسوں کے حوالے سے حکومت نے آرڈیننس جاری کرنے کا جوسلسلہ شروع کیا ہے وہ جمہوری قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ عوام پہلے ہی معاشی حالات کی وجہ سے پریشان ہیں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر سخت گیر ٹیکس قوانین جلتی پر تیل کا کام کرسکتے ہیں۔