اسلامی ریاست میں سیکولراقدامات برداشت نہیں کرینگے،لیاقت بلوچ

October 23, 2021

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر )سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان ونائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ علاقائی،مسلکی اورعرب وعجم کی تقسیم کے ذریعے عالمی طاغوتی قوتیں امت مسلمہ کو کمزورکررہی ہیں،اسلامی قوتیں دشمن کی سازشوں کوناکام بناتے ہوئے اپنی کمزوریوں پرقابو پائیں تاکہ رسوائی کی بجائے بہترمقام امہ کا مقدرہو۔ملی یکجہتی کونسل کے قیام مقصدبھی سیاست سے بالاترہوکرمذہبی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پرجمع کرنا ہے،محمدعربی ﷺکی ذات گرامی ہماری وحدت کومزیدمضبوط کرتی ہے۔24اکتوبرکوجناح کنونشن سنٹراسلام آباد میں عشق پیغمبراعظم ؐمرکزوحدت مسلمین کانفرنس منعقد کررہے ہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے صدرالبصیرہ پاکستان سیدثاقب اکبر،صوبائی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب اقبال خان، ڈپٹی سیکرٹری مجلس وحدت المسلمین سیدناصرشیرازی،مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹرشاہدشمسی،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان،سیدعباس نقوی سمیت دیگرذمہ داران کے ہمراہ ضلعی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ وقف املاک بورڈایکٹ،سیکولرنظام تعلیم اورگھریلوتشدد کے نام پر تباہ کن قوانین اسلام سے متصادم ہیں جوکسی بھی طورقابل قبول نہیں ہوسکتے۔ملی یکجہتی کونسل اسلامی ریاست میں کسی بھی طورسیکولراقدامات کوبرداشت نہیں کرے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ آئین، آزاد عدلیہ، بااختیار الیکشن کمیشن، با اختیار بلدیاتی نظام اور شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے تمام جمہوری قوتوں کو انتخابی اصلاحات پر ایک قومی مؤقف اختیار کرنا ہو گا وگرنہ عمران سرکار کی نااہلیوں سے جمہوری پارلیمانی عمارت کے اوپر سے پانی گزرنے والا ہے۔