سعودی عرب نے کہا ہے کہ ایران کےخلاف فضائی حدود، سمندر یا سرزمین استعمال نہیں ہوگی۔
ایران نے سعودی عرب کی جانب سے اس کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے کے اعلان پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کر دیا۔
سعودی عرب میں ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ایران کے خلاف اپنی فضائی، بحری اور علاقائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر ایران سعودی عرب کا شکر گزار ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے ایران امریکا کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوشش کی تھی۔
گزشتہ روز سعودی عرب کے سابق انٹیلی جنس چیف شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا تھا کہ نیتن یاہو نے امریکا کے 7 دورے کر کے ٹرمپ کو جنگ کے لیے قائل کیا کہ وہ ان کی رائے کی حمایت کریں۔
شہزادہ ترکی الفیصل نے بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ نیتن یاہو کی جنگ ہے، نیتن یاہو چاہتا ہے کہ وہ بلا روک ٹوک جو چاہے کر سکے۔