سنگاپور کی پاکستان سے آنے والوں پر عائد سفری پابندی ختم

October 23, 2021

مشرقی ایشیائی ملک سنگاپور نے پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک سے آنے والوں کو اپنے ملک میں داخلے کی اجازت دے دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگاپور نے پاکستان، بھارت، نیپال، میانمار اور سری لنکا سے آنے والوں پر عائد سفری پابندیاں اٹھالیں۔

دوسری جانب یہ بتایا جارہا ہے کہ ان ممالک سے آنے والوں کو سنگاپور میں داخلے سے قبل متعین کردہ قرنطینہ سینٹر میں قرنطینہ وقت گزارنا پڑے گا۔

پاکستان سمیت مذکورہ تمام ممالک سے آنے والے مسافروں کو 26 اکتوبر سے سنگاپور میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان، بھارت، سری لنکا، نیپال اور میانمار کا دورہ کرنے کا 14 روزہ ریکارڈ رکھنے والے مسافروں کو سنگاپور آنے کی اجازت نہیں تھی۔