20مختلف محکمے دبئی ایکسپو میں حصہ لیں گے، میاں اسلم اقبال

October 24, 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ صنعت و تجارت، توانائی، زراعت ز تعمیرات و مواصلات اور لائیوسٹاک سمیت 20 محکمے دبئی ایکسپو میں مختلف اوقات میں حصہ لیں گے اور اس اہم ایونٹ کے ذریعے ملک کے سافٹ امیج اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیاجائے گا -پنجاب حکومت نیوسٹارٹ اپ کے طور پر رجسٹرڈ ہونے والے 25 ہنر مند نوجوانوں کو اپنے اخراجات پر دوبئی ایکسپو بھجوا رہی ہے - انہوں نے ان خیالات کااظہار ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس میں کیا-وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور، سیکرٹری صنعت وتجارت ڈاکٹر واصف خورشید، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر ارفع اقبال اور ڈی جی پی آرثمن رائے بھی پریس کانفرنس میں موجود تھیں -صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ وزیراعلی سردار عثمان بزدار پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام دوبئی ایکسپومیں انوسٹرپورٹل کا افتتاح کریں گے -دوبئی ایکسپور میں انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کا بھی اہتمام کیاجائے گا - سیمینارز، پینل ڈسکشنزاور دیگر ایونٹ منعقد کئے جائیں گے - دبئی ایکسپوکو پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانے کے حوالے سے نتیجہ خیز بنایاجائے گا - انہو ں نے کہاکہ ایکسپورٹ اورینٹڈایس ایم ایز کو سپورٹ فراہم کی جارہی ہے -صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم اور وزیراعلی کے ویژن کے مطابق سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اورپنجاب کے سپیشل اکنامک زونز اور صنعتی مراکز میں اربوں روپے کی نئی سرمایہ کاری آچکی ہے -پنجاب کے سپیشل اکنامک زونزمیں ہونے والی سرمایہ کاری برآمدات کا متبادل ہے-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں -پنجاب پہلا صوبہ ہے جو سرمایہ کاروں کیلئے این او سی کے خاتمے کی بات کررہاہے - انہوں نے کہاکہ دبئی ایکسپو ملک کے امیج کو بہتربنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے سود مند ایونٹ ثابت ہوگا - صوبائی وزیر نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی دنیا بھر میں قیمتیں بڑھنے کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے ہیں -ان پٹ مہنگی ہونے سے کاروباری لاگت بھی بڑھتی ہے - جب یہاں گندم کی قیمت کم تھی تو یہ گندم دائیں بائیں ہونا شروع ہوگئی - حکومت نے گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کرکے کسانوں کو 11سو ارب روپے کا فائدہ پہنچایاہے -پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 11 سو روپے جبکہ سند ھ میں 16 سو روپے ہے -پنجاب میں چینی 90 روپے فی کلو جبکہ دیگر صوبوں میں 110 روپے سے زائد ہے -درآمدی چینی آنے سے چینی کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے -انہو ں نے کہاکہ پنجاب گندم کی خریداری کرکے اسلام آباد اور دیگراکائیوں کی ضروریات پوری کرکے بڑے بھائی ہونے کا کردار ادا کرتا ہے -سند ھ حکومت مہنگائی کا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈالنے کی بجائے اپنی ذمہ داری کا احساس کرے کیونکہ پرائس کنٹرول صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے -میاں اسلم اقبال نے کہاکہ کویڈ کے دوران مشکلات آئیں تاہم حکومت نے ٹیکسٹائل اور کنسرکشن سیکٹر کیلئے خصوصی مراعات دیں - معاشی سرگرمیاں بڑھنے کے اثرات نچلی سطح تک جاتے ہیں - میاں اسلم اقبال نے کہاکہ حکومت احساس پروگرام کے تحت کمزور طبقات کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی کا بڑا پروگرام لا رہی ہے ۔