23 موٹرسائیکل غائب، 22 لاکھ کا  ڈاکہ، شہری زیورات اور کرنسی سے بھی ہاتھ دھوبیٹھے

October 24, 2021

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 22موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات،موبائل فونز،مویشیوں ،نقدی اوردیگر اشیاء جبکہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں شہر ی ایک موٹرسائیکل ، طلائی زیورات، موبائل فونز اور نقدی سے محروم ہوگئے ۔ تھانہ ویسٹریج کے علاقہ چوہڑچوک میں دولڑکے محمد عمران سے گن پوائنٹ پر موبائل جس کے کورمیں4ہزار روپے چھین کر لے گئے ملزمان نے اس پرتشددبھی کیا۔تھانہ وارث خان کے علاقہ محلہ امرپورہ میں ایک نامعلوم شخص اسلحہ کی نوک پر عثمان علی سے 96ہزارروپے چھین کرفرارہوگیا۔تھانہ واہ کینٹ کے علاقہ گوہدومیں تین موٹرسائیکل سواروں نے محمد طاہر کی گاڑی روک کراس سے گن پوائنٹ پر45ہزارروپے، موبائل چھین لیا اور اس کی زوجہ سے 6طلائی چوڑیاں، 5ہزارروپے چھین لیے اور گاڑی کی چابی نکال کر پاس جھاڑیوں میں پھینک دی ملزمان پچھلے ٹائرکوفائر مارکر برسٹ کر کے فرار ہو گئے۔تھانہ کورال کے علاقہ کورال چوک میں جاوید سمیت چار ملزمان حنیف کے گھر داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر 22لاکھ روپے مالیت کی نقدی وطلائی زیورا ت چھین کرفرارہوگئے۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ پیر ودھائی موڑ پرمحمد احسان کوایک کار والوں نے لفٹ دے کر 50ہزار روپے سے محروم کردیا۔ ،تھانہ لوہی بھیر کے علاقہ پولیس فاؤنڈیشن میں نجم الحسن کے گھر سے نقدی وطلائی زیورات مالیتی آٹھ لاکھ روپے چوری ہوگئے ، تھانہ مارگلہ کے علاقے میں سلیمان نے عبداللہ کے دوست امیراللہ کے د وموبائل اور چار ہزارڈالر چوری کرلئے۔تھانہ ٹیکسلاکے علاقہ ترنول میں دس مسلح عبدالرشید کے زیرتعمیرگھر آئے جنہوں نے گن پوائنٹ پرچوکیدار محمد یونس کو پکڑکررسیوں سے باندھ دیاجو 6ٹن سریا گاڑی میں لوڈکرکے اور ایک پانی کی موٹر بھی لے گئے ۔ اسلحے کے زور پر لوٹنے اورچوری کی وارداتیں تھانہ وارث خان،تھانہ ویسٹریج ،تھانہ نصیرآباد،تھانہ ریس کورس ،،تھانہ صدرواہ،تھانہ صدربیرونی،تھانہ سٹی،تھانہ گنج منڈی،تھانہ رتہ امرال ،تھانہ پیرودھائی ،تھانہ وارث خان،تھانہ نیوٹاؤن،تھانہ صادق آباد،تھانہ کینٹ ،تھانہ ویسٹریج ،تھانہ نصیرآباد،تھانہ آراے بازار،تھانہ سول لائن ،تھانہ ائرپورٹ،تھانہ مورگاہ ،تھانہ واہ کینٹ ،تھانہ صدرواہ ،تھانہ گوجرخان ،تھانہ جاتلی،تھانہ روات ، تھانہ آب پارہ، تھانہ لوہی بھیر ، تھانہ مارگلہ،تھانہ لوہی بھیر ،تھانہ کراچی کمپنی اورتھانہ کورال کی حدود میں ہوئے جن میں طلائی زیورات ، نقدی ودیگر قیمتی سامان اڑا لیا گیا۔