ہائی وولٹیج ٹاکرے میں چند گھنٹے باقی

October 24, 2021

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021ء کا سب سے بڑا میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے سُپر 12 مرحلے میں شام سات بجے آمنے سامنے ہوں گی۔

ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں، قومی 12 رکنی ٹیم میں شامل حیدر علی کے پلیئنگ الیون کا حصہ نہ ہونے کا امکان ہے جبکہ کھلاڑیوں کے جوش کے ساتھ تماشائیوں کا جنون بھی عروج پر ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کہتے ہیں کہ بہترین پلیئنگ الیون بنانے کی کوشش کی ہے، پاکستان کی بولنگ ہمیشہ اچھی رہی ہے، اعصاب پر قابو پانا ہے، ریلیکس رہنا ہے اور دباؤ نہیں لینا، خود پر اعتماد ہے، سو فیصد کھیل پیش کریں گے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کا کامبی نیشن کیا ہے، وہ ٹاس کے بعد بتائیں گے، ہمیشہ پاکستان ٹیم کو مضبوط سمجھا ہے، پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو میچ تبدیل کردیتے ہیں۔

پاک بھارت میچ کے حوالے سے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل بھی کھیلیں گی، بھارتی ٹیم بہتر ہے لیکن پاکستان جارحانہ کرکٹ کھیلے گا۔

سابق کپتان محمد یوسف نے پاکستان ٹیم کا کامبی نیشن زبردست قرار دے دیا جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کا کہنا ہے کہ پاک بھارت ٹیمیں متوازن ہیں، دلچسپ مقابلہ دیکھنےمیں آئے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کے جو11 کھلاڑی میدان میں اتریں گے، ان کے پاس پاکستان کا نیا سپر اسٹار بننے کا موقع ہے، ہر پاکستانی اس میچ کے لیے پر جوش ہے، انشاء اللٌٰہ جیت جنون اور جذبے کی ہوگی۔

دوسری جانب آئی سی سی نے میگا ایونٹ کے بڑے ٹاکرے کا ایکشن سے بھرپور پوسٹر جاری کردیا۔

علاوہ ازیں پاک بھارت ٹاکرے کے لیے سب ہی پُرجوش ہیں، تماشائی تجزيہ کار بن گئے ہیں جبکہ پاک بھارت میچ کے لیے کھلاڑی، شوبز ستارے، عوام اور سیاست دان بھی منتظر ہیں۔