عوام سڑکوں پر نکلیں تو مہنگائی کا ظلم روکا جا سکتا ہے: مریم اورنگزیب

October 24, 2021

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عوام سڑکوں پر نکلیں گے تو مہنگائی کا ظلم روکا جا سکتا ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گرتی ہوئی دیواروں کو آخری دھکا دینے کے لیے عوام گھروں سے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج ملک میں بدترین مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پی ڈی ایم کے تحت آج پنجاب کے شہروں فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، خان پور اور چکوال میں مظاہرے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تحت آج ملتان، بھکر، میانوالی، ساہیوال، میاں چنوں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

ترجمان نون لیگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبۂ سندھ کے شہروں نواب شاہ، دادو، ٹھٹھہ، سجاول اور مٹھی میں بھی مہنگائی کے خلاف احتجاج ہو گا۔