الٹرلوایمیشن معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کو ساڑھے 12 پونڈ ادا کرنا ہوں گے

October 25, 2021

لندن (سعید نیازی) لندن کی آب و ہوا کو بہتر بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت پیر 25 اکتوبر سے ’’لندن الٹرا لو ایمیشن زون‘‘ (یو ایل ای زیڈ) میں توسیع کرتے ہوئے نارتھ اور سائوتھ سرکل کے درمیان کے علاقوں کو اس میں شامل کر دیا جائے گا۔ اس اقدام کے بعد ایسی موٹر سائیکلیں، کاریں، اسپیشلسٹ وہیکلز اور منی بسیں و دیگر گاڑیاں جو الٹر لو ایمیشن زون کے مقرر کردہ معیار پر پورا نہیں اتریں گی انہیں روزانہ زون میں داخلے کی صورت میں 12 پونڈ 50 پنس ادا کرنا ہوںگے۔ اب جبکہ پیر سے اس اسکیم کا آغاز ہو جائے گا تو ایک سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ لندن اور اطراف میں رہنے والے 35 ڈرائیورز نے ابھی یہ چیک ہی نہیں کیا ہے کہ کیا انہیں زون میں داخلے کی صورت میں ساڑھے بارہ پونڈ ادا کرنا ہوںگے۔ جبکہ اس سے بھی کم تعداد کو یہ علم تھا کہ زون میں توسیع کر دی گئی ہے ایسے افراد جنہیں زون میں داخلے کی صورت میں مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی ایسے 65 فیصد افراد نے کہا ہے کہ وہ الیکٹرک کار خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں، 29 فیصد اس خدشہ کا اظہار کیا کہ وہ کار کو گھر پر چارج نہیں کر سکیں گے اور 28 فیصد کو فکر تھی کہ کار کو چارج کرتے وقت ان کی آزادی محدود ہو جائے گی۔ موٹروے کے سی ای او ٹام لیتھس نے کہا ہے کہ زون کی تیاری کا کام تین برس سے جاری تھا اور نصف سے زائد ڈرائیوروں کو اس کے بارے میں علم ہی نہیں۔ ایسے افراد کو زون میں داخلے کی صورت میں سرپرائز ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سکینڈ ہینڈز کاروں کی قیمت ریکارڈ بلند سطح پر ہے تو ایسی کاریں جنہیں زون میں داخلے کی صورت میں فیس ادا کرنا پڑتی ہے انہیں فروخت کرکے دوسری کار خریدنی چاہئے۔