مہنگائی کیخلاف اپوزیشن کے تیسرے روز بھی مختلف شہروں میں مظاہرے

October 25, 2021

لاہور، حیدرآباد، نوابشاہ، پشاور، اسلام آباد (نمائندگان جنگ، ایجنسیاں) مہنگائی کیخلاف اپوزیشن نے تیسرے روز بھی ملک گیر مظاہرے کیے،جھنگ میں خواتین کا گلے میں روٹیاں ڈال کر احتجاج، نوابشاہ، میانوالی،ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ ساہیوال، اوکاڑہ،ڈیرہ مراد جمالی، اگوکی میں پی ڈی ایم، پشاور میں پیپلزپارٹی، حیدرآباد، لاہور، ساہیوال اورحافظ آبادمیں جماعت اسلامی نے مظاہرے کیے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے کراچی سے پشاور تک سب کوشدید متاثر کیا، سراج الحق نے کہا اس وقت چوروں کی نہیں ڈکیتوں کی حکومت ہے، ملک پرمافیاز کا قبضہ ہے ، خواجہ آصف نے کہا کہ مہنگائی کیخلاف احتجاج میں عوام کی شمولیت حکومت کیلئے نوشتہ دیوار ہے، مریم اورنگزیب نے کہا گرتی ہوئی دیواروں کو آخری دھکا دینے کیلئے عوام گھروں سے باہر نکلیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی کال پر ملک بھر میں تیسرے روز بھی احتجاج کاسلسلہ جاری رہا۔ڈیرہ مراد جمالی میں پی ڈی ایم کے مظاہرے کے باعث سندھ بلوچستان قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل رہی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پٹرول کی کی قیمتوں میں اضافے سے روز مرہ کے سامان کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں ہیں۔ حیدرآباد مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کوہ نور چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

مظاہرین نے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا، شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس میں مہنگائی کیخلاف نعرے درج تھے۔ نوابشاہ میں بھی پی ڈی ایم کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ملتان اور فصل آباد میں ن لیگ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

گوجرنوالہ میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ظلم کے دن تھوڑے رہ گئے، جلد عوام کے ساتھ میں ن لیگ کا جھنڈا ہوگا۔جھنگ میں مسلم لیگ ن خواتین ونگ نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور گلے میں سوکھی روٹیاں ڈال کر مظاہرہ کیا۔

احتجاجی ریلی کا آغاز سرکٹ ہاؤس سے ہوا جو کہ پریس کلب کے سامنے پہنچ کر ختم ہو گئی -لیگی خواتین نے مہنگائی کے خلاف گلے میں سوکھی روٹیاں لٹکا کر اور خالی برتن ہاتھوں میں اٹھائے احتجاج کیا ۔میانوالی میں مسلم لیگ (ن) نے روکھڑی ہاؤس سے ریلوے اسٹیشن چوک تک احتجاجی مظاہرہ کیااور حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی۔

بھکر میں بھی پی ڈی ایم کی حلیف جماعتوں نے احتجاجی ریلی نکالی ،ریلی کا آغاز مسجد عمر فاروق سے ہوا ، شرکاء نےحکومت مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ پھولنگرمیں بھی مہنگائی کیخلاف شہری سڑکوں پرنکل آئے، ریلی میں صرف جے یو آئی (ف) کے کارکن شریک ہوے۔

پاکپتن میں ن لیگ نے احتجاجی ریلیانکالی جو ساہیوال جوگی چوک پہنچ کر ڈویژن کی سطح پر ہونے والی احتجاجی ریلی میںشامل ہوگئی،شرکاء نے کمر توڑ مہنگائی کیخلاف بینرز اور پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے کارکن نعرے بازی کرتے رہے۔ ساہیوال میں ن لیگ نے جوگی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔