شاداب خان نے عاصم اظہر سے کونسا وعدہ کیا تھا؟

October 25, 2021

قومی کرکٹر شاداب خان نے پاک بھارت میچ سے قبل ہی معروف گلوکار عاصم اظہر سے گرین شرٹس کی فتح کا وعدہ کیا تھا۔

گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا معرکہ ہوا جس میں پاکستان نے شکست کی روایت توڑتے ہوئے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔

پاکستان کی شاندار فتح کے بعد ملک بھر میں مختلف انداز میں جیت کا جشن منایا گیا، ایسے میں شوبز ستارے بھی کسی سے پیچھے نہ رہے اور اُنہوں نے بھی اپنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

عاصم اظہر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جو کہ پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد بنائی گئی جس میں عاصم اظہر کے ساتھ فہد مصطفیٰ سمیت دیگر شوبز ستارے بھی موجود ہیں۔


گلوکار نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’یہ ویڈیو خصوصی طور پر گرین شرٹس کے لیے ہے جنہوں نے آج فتح ہمارے نام کی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’شاداب خان نے میچ سے قبل ہی مجھ سے پاکستان کی جیت اور بھارت کی شکست کا وعدہ کیا تھا۔‘

عاصم اظہر اور دیگر شوبز ستاروں نے ’دل دل پاکستان‘ گنگنا کر اپنی فتح کا جشن منایا۔

اس کے ساتھ ہی عاصم اظہر نے اپنی اور شاداب خان کی واٹس ایپ چیٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔

واٹس ایپ چیٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاداب خان گلوکار عاصم اظہر کو گانا تیار کرنے کا کہتے ہیں اور اُنہیں یقین دلاتے ہیں کہ میچ میں پاکستان کی فتح ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم کے بلے نے بھی رنز اگلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب بہترین بولنگ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔