بابر 10 سال میں سارے ریکارڈ توڑ سکتا ہے، انضمام

October 25, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ کل ہم نے پورے ٹورنامنٹ کو میسیج دیا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کتنی خطرناک ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ بابر کی جیسی تیکنیک ہے, اس سے لگتاہے 10 سال میں وہ سارے ریکارڈ توڑ سکتا ہے۔

انضمام الحق نے کہاکہ بابر اعظم تیکنیکی اعتبار سے ویرات کوہلی سے بہت بہتر ہیں، پریکٹس میچ میں بھی بابر کلیئر تھے کہ بھارت کے خلاف کس انداز میں جانا ہے۔

سابق کپتان انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ جس وننگ کمبی نیش سےلڑکوں میں اعتماد آ رہا ہو اسی کو جاری رکھنا چاہیے۔

پروگرام جیو پاکستان میں بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہاکہ بابر اعظم نے ہر کھلاڑی کو پلان کے مطابق کھلایا جبکہ شاداب نے آخری دو اوور بہت اچھے کیے اور وکٹ لی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ جو کمبینیشن بنا ہوا ہے اسے تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے تاریخ رقم کردی اور پہلی بار بھارتی ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔